ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی نے پرتگال کے آئیکن کرسٹیانو رونالڈو کا قومی ٹیم کے لئے سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ برابرکیا۔
EPAPER
Updated: October 17, 2024, 12:36 PM IST | La Paz
ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی نے پرتگال کے آئیکن کرسٹیانو رونالڈو کا قومی ٹیم کے لئے سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ برابرکیا۔
ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے ایک اور شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرس میں بولیویا کی ٹیم کے خلاف۰۔ ۶؍گول کی زبردست کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس میچ میں لیونل میسی نے اپنی۱۰؍ویں بین الاقوامی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور ۲؍ گول کرنے میں معاونت بھی کی۔ ۱۶؍ اکتوبر کو ہونے والے اس میچ میں میسی کی آل راؤنڈ کارکردگی دیکھنے کو ملی۔ ان کی ہیٹ ٹرک نے ارجنٹائنا کی جیت کو مزید خاص بنا دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی میسی نے انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کے معاملے میں اپنے حریف کرسٹیانو رونالڈو کی برابری کر لی۔ خیال رہے کہ رونالڈو نے بھی اپنی ٹیم پرتگال کیلئے ۱۰؍ہیٹ ٹرک کی ہیں۔
اس میچ میں میسی اپنے شاندار فارم میں نظر آئے اور اس دوران انہوں نے اکیلے ہی مخالف ٹیم کے دفاع کو تباہ کر دیا۔ میچ میں میسی نے بولیویا کے دفاع کو مات دے کر اپنے خاص انداز میں ۱۰؍ویں بین الاقوامی ہیٹ ٹرک مکمل کرکے سب کا دل جیت لیا۔ ان کے علاوہ لوتارو مارٹینیز، جیولین الواریز اور نکولس اوٹامینڈی نے بھی ایک ایک گول کئے جس کی وجہ سے ارجنٹائنا نے پورے میچ میں اپنا تسلط برقرار رکھا اور شاندار کامیابی حاصل کی۔ لیونل میسی اب تک کریئر کے کل۸۴۶؍ گول کر چکے ہیں، جو انہیں فٹ بال کی تاریخ میں منفرد اور خاص بناتا ہے۔
دیگر میچوں کی رپورٹ
جنوبی امریکہ کے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرس میں برازیل نے بھی بدھ کو اپنا مقابلہ شاندار طریقے سے جیت لیا۔ برازیل کی ٹیم نے پیرو کے خلاف ۰۔ ۴؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ کوالیفائرس میچ میں برازیل کے سبھی کھلاڑی نے شاندار مظاہرہ کیا۔ برازیل کے لئے رافنہا نے ۲؍گول کئے اور یہ دونوں پنالٹی پر کئے گئے۔ اےپریرا اور لوئیز ہینرک نے ایک ایک گول کیا۔ کولمبیا نے چلی کو ۰۔ ۴؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس فتح کے بعد کولمبیا نے ۱۹؍ پوائنٹس کے ساتھ اپنی دوسری پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ ایک اور میچ میں یوروگوئے اور ایکواڈور کا مقابلہ بغیر گول کے ڈراہوا۔ پیراگوئے نے وینزویلا کو ۱۔ ۲؍گول سے شکست دے دی۔