لیونل میسی نے کہا کہ جب تک وہ اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے ملک کیلئے کھیلنا جاری رکھیں گے۔
EPAPER
Updated: October 18, 2024, 12:33 PM IST | Agency | London
لیونل میسی نے کہا کہ جب تک وہ اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے ملک کیلئے کھیلنا جاری رکھیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کیلئے جنوبی امریکی کوالیفائرز میں گزشتہ روز بولیویا کے خلاف ۶۔ صفر سے جیت میں ارجنٹائنا کے لئے اپنی ۱۰؍ویں بین الاقوامی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے بعد، لیونل میسی نے کہا کہ جب بھی وہ قومی ٹیم کے لئے کھیلتے ہیں، تو وہ خود کو ایک بچے کی طرح محسوس کرتے ہیں۔ ۸؍ بار کے بیلون ڈی اور کے فاتح میسی نے بولیویا کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائنگ جیت میں اپنی ہیٹ ٹرک کے علاوہ ۲؍گول میں تعاون بھی دیا۔
میچ کے بعد لیونل میسی کا کہنا تھا کہ یہاں آکر ہمارے لئے مداحوں کی حمایت ملنے پر اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ جس طرح وہ میرا نام پکارتے ہیں، میں اس سے بہت خوش ہوں۔ ہم اپنے مداحوں کے ساتھ جڑنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور مجھے ارجنٹائنا میں کھیلنا پسند ہے۔ ہم اس جیت پر خوش ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے مستقبل کے لئے کوئی تاریخ یا ٹائم فریم مقرر نہیں کیا ہے۔ جب تک کھیل رہا ہوں میں صرف اس سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔ میں یہاں آنے اور لوگوں کی محبت کو محسوس کرنے کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ پُرجوش ہوں، کیونکہ میں جانتا ہوں کہ یہ میرے آخری مقابلے ہو سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ کلب میں سال مکمل کرنے کا اپنا مقصد اچھی طرح حاصل کروں گا۔ میں ہر روز اپنے کھیل سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں۔
۳۷؍ سالہ کھلاڑی لیونل میسی ارجنٹائنا کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے ملک کےلئے کھیلتے ہوئے ۱۸۹؍میچوں میں ۱۱۲؍گول کئے ہیں۔ سینئر ٹیم کے لئے انہوں نے پہلا گول یکم مارچ ۲۰۰۶ء میں باسل میں کروشیا کے خلاف دوستانہ میچ میں کیا تھا۔ ارجنٹائنا کے کپتان نے کہا کہ یہی چیز مجھے متاثر کرتی ہے۔ میں جہاں ہوں وہاں خوش رہنا پسند کرتا ہوں۔ اپنی عمر کے باوجود، جب میں یہاں ہوتاہوں تو میں ایک بچے کی طرح محسوس کرتا ہوں کیونکہ میں اس ٹیم کے ساتھ آرام دہ محسوس کرتا ہوں۔ جب تک میں اپنے ارادے کے مطابق پرفارم کرنا جاری رکھ سکتا ہوں، میں ملک کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔ اس کھیل سے مجھے محبت ہے اور جب تک میں اس کھیل سے لطف اندوز ہوتا رہوں گا ملک کےلئے کھیلنا جاری رکھوں گا۔ مداحوں کا پیار میرے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ میدان پر میری کوشش ہوتی ہے کہ مداحوں کی توقعات پر پورا اتر سکوں۔