مارٹینیزکو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔ اینزو فرنانڈیز نوجوان کھلاڑی رہے جبکہ کائلیان ایمباپے نے گولڈن بوٹ جیتا
EPAPER
Updated: December 20, 2022, 2:08 PM IST | Doha
مارٹینیزکو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔ اینزو فرنانڈیز نوجوان کھلاڑی رہے جبکہ کائلیان ایمباپے نے گولڈن بوٹ جیتا
قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈکپ۲۰۲۲ء کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ لیونل میسی نے اپنے نام کرلیا۔فیفا ورلڈکپ کے فائنل کے بعد تقریب تقسیم انعامات میں لیونل میسی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیاگیا جبکہ ارجنٹائنا کے گول کیپر مارٹینیزکو ایونٹ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔ارجنٹائنا کے اینزو فرنانڈیز نوجوان کھلاڑی برائے ٹورنامنٹ رہے جبکہ فائنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیائے فٹبال کے دوسرے کھلاڑی فرانس کے کائلیان ایمباپے گولڈن بوٹ کا ایوارڈ لے اڑے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ۲۰۲۲ء کے فائنل کا فیصلہ پنالٹی شوٹ پر ہوا، جس میں ارجنٹائنا نے۲؍کے مقابلے میں ۴؍ گول سے فتح اپنے نام کی۔
ارجنٹائنا کے فٹبالر لیونل میسی کا خواب تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو فاتح بنائیں اور ارجنٹائنا نے فرانس کو شکست دے کر تیسری بار عالمی چمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا اور لیونل میسی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ارجنٹائنا کی جیت پر قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ فرانس کے کھلاڑی اور تماشائی شکست پر جذباتی بھی نظر آئے جن کو حوصلہ دینے کیلئے فرانسیسی صدر میکرون میدان میں آئے اور کھلاڑیوں کو گلے لگایا۔ میسی کو ٹرافی سے قبل عرب روایت کا بشت پہنایا گیا جس کے بعد انہیں ٹرافی دی گئی جبکہ اسٹار فٹبالر میچ کے بعد اسٹیڈیم میں اپنی والدہ سے گلے مل کر جذباتی بھی ہوئی۔