• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بیلون ڈی اور پر لیونل میسی کی حکمرانی

Updated: December 01, 2021, 12:29 PM IST | Agency | Paris

پی ایس جی فٹبال کلب کے اسٹار نے ۷؍ویں بار فٹبال کا باوقار اعزاز اپنے نام کرلیا۔ میسی نے رابرٹ لیوانڈوسکی کو پیچھے کردیا

Lionel Messi .Picture:INN
لیونل میسی ۔ تصویر: آئی این این

: بارسلونا کے ساتھ اپنے آخری سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اور اس سال ارجنٹائنا کے ساتھ اپنا پہلا بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے والے لیونل میسی نے ریکارڈ ۷؍ویں مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا بیلون ڈی اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔ اس طرح انہوں نے یہ باوقار ایوارڈ جیتنے کے معاملے میں اپنی حکمرانی  قائم کرلی۔
 ۳۴؍ سالہ میسی نے بارسلونا کیلئے مجموعی طور پر۶۷۲؍گول کیے ہیں۔ بارسلونا کیلئے اپنے آخری سیزن میں  انہوں نے۳۸؍ گول کیے اور کوپا ڈیل رے فائنل جیتا۔ اب وہ پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلتے ہیں، جس کے لیے وہ اب تک ۹؍ میچوں میں ۴؍ گول کر چکے ہیں۔ میسی کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ارجنٹائنا نے جولائی میں کوپا امریکہ خطاب جیتا تھا۔ میسی نے کوپا امریکہ میں ۴؍ گول کیے اور۵؍گول کرنے میں مدد کی۔
  بیلون ڈی اور جیتنے کے بعد میسی نے مترجم کی مدد سے کہا’’ `میں بہت خوش ہوں۔ نئے اعزاز اور ٹائٹل کے لیےمقابلہ کرتے  رہنا اچھا لگتا ہے۔ نہ جانے کتنے سال باقی ہیں لیکن امید ہے کہ ابھی بہت وقت ہے۔ میں بارسلونا اور ارجنٹائنا کے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میسی کے۶۱۳؍ پوائنٹس تھے جبکہ پولینڈ اور بائرن میونخ فٹبال کلب کے اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈوسکی  ۵۸۰؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ میسی نے کہا’’ `میں رابرٹ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا مخالف ہونا اعزاز کی بات ہے۔ ہر کوئی کہے گا کہ آپ پچھلے سال اس کے مستحق تھے۔‘‘ لیوانڈوسکی نے ۲۱۔۲۰۲۰ء کے ایک سیزن میں بنڈس لیگا میں ریکارڈ۴۱؍گول کیے جو کہ جرمن لیجنڈ جرڈ مولر سے ایک گول زیادہ ہے۔ انہوں نے فروری سے ستمبر تک بائرن میونخ کیلئے  لگاتار ۱۹؍ میچوں میں گول کئے۔ وہ اس سیزن میں بائرن میونخ فٹبال کلب کیلئے ۲۰؍میچوں میں ۲۵؍ گول کر چکے ہیں۔
 بیلون  ڈی اور کی دوڑ میں چیلسی اور اٹلی کے مڈفیلڈر جورجینہو تیسرے نمبر پر رہے جب کہ ریئل  میڈرڈ اور فرانسیسی فارورڈ کریم بینزیما چوتھے نمبر پر رہے۔ کرسٹیانو رونالڈو چھٹے نمبر پر رہے۔ میسی کے پاس اب رونالڈو سے زیادہ ۲؍ ایوارڈس ہیں۔ یہ ایوارڈ ہر سال فرانسیسی فٹبال میگزین بیلون ڈی اور کی طرف سے ۱۹۵۶ء سے بہترین مرد فٹبالر کو دیا جاتا ہے۔ اسے۲۰۱۸ء سے خواتین کے زمرے میں بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK