• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لیورپول نے چیلسی کو مات دے کر ای ایف ایل کپ پر قبضہ کرلیا

Updated: February 27, 2024, 11:07 AM IST | Agency | London

فٹبال کپ کے فائنل میں دونوں جانب سے زبردست مقابلہ ہوا۔ لیورپول کی جانب سے میچ کے ایکسٹرا ٹائم میں ورجل دایک نےگول کیا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ای ایف ایل کپ جسے کاراباؤ کپ بھی کہاجاتاہے، میں چیلسی کو ہراکر لیورپول فٹبال کلب نے خطاب پر قبضہ کرلیا۔ لیورپول فٹبال کلب کے کپتان ورجل وین دایک نے ایکسٹرا ٹائم (۱۱۸؍ ویں منٹ) میں گول کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔ 
  ای ایف ایل یا کاراباؤ کپ میں لیورپول کی یہ ۱۰؍ ویں خطابی جیت ہے۔ ورجل وین دایک نے ہیڈر سے شاندار گول کرتے ہوئےاپنی ٹیم کیلئے فتح لکھی۔ اس سے قبل پہلےہاف میں بھی انہوں نے ہیڈر سے ہی گول کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وی اے آر کی مداخلت سےاسےخارج کردیاگیا تھا۔ ورجل وین دایک نے لیورپول کے کپتان کی حیثیت سے پہلی بار یہ ٹرافی ہاتھوں میں اٹھائی۔ 
 ادھر لیورپول کے منیجر جرگین کلوپ بھی لیورپول کے تیسرے منیجربن گئے جن کی زیر نگرانی ٹیم نے ٹرافی پر قبضہ کیا۔ جرگین کلوپ سیزن کے اختتام پرکلب کو چھوڑنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ میچ سے قبل چیلسی کو فیوریٹ اور مضبوط قراردیاجارہاتھا جبکہ لیور پول کی ٹیم محمد صلاح اور ڈارون نونیز جیسے کھلاڑیوں کے بغیر میدان پر اتری تھی۔ اُدھر چیلسی کے لاکھوں مداحوں کو اس ہار کے بعد مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ لیورپول اب انگلش پریمیر لیگ کے ٹورنامنٹ میں ٹاپ پر پوزیشن پر ہے۔ یوروپا لیگ کیلئے بھی وہ مضبوط دعویدار ہے۔ ایف اے کپ میں آئندہ بدھ کو اس کا اہم میچ ہونے والا ہے۔ 
 منیجرجرگین کلوپ کی ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ منیجر اور کپتان دونوں کو امید ہےکہ آئندہ مقابلوں میں بھی ٹیم اپنا غلبہ برقراررکھنے میں کامیاب رہے گی۔ جرگین کلوپ نے کہاکہ اس وقت ٹیم کے نوجوان کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں اور میں امید کرتاہوں کہ وہ اگلے ٹورنامنٹ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد صلاح اس وقت آرام کررہے ہیں کیونکہ انہیں ہم بڑے مقابلوں میں موقع دینا چاہیں گے۔ اس میچ میں کھلاڑیوں نے ۱۲۰؍ منٹ تک مقابلہ کیا ہے اس لئے وہ تھک گئے ہوں گے۔ وہ جشن منانا چاہتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK