ہندوستان اور آسٹریلیا کا آج دوسرے ٹی ۲۰؍ میں آمنا سامنا۔ ٹیم انڈیا سیریز میں صفر۔ ایک سے آگے۔ ٹاپ آرڈرکے بلے بازوں پر بھاری ذمہ داری
EPAPER
Updated: December 06, 2020, 1:02 PM IST | Agency | Sydney
ہندوستان اور آسٹریلیا کا آج دوسرے ٹی ۲۰؍ میں آمنا سامنا۔ ٹیم انڈیا سیریز میں صفر۔ ایک سے آگے۔ ٹاپ آرڈرکے بلے بازوں پر بھاری ذمہ داری
کینبرا میں پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم انڈیا اتوارکو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی۲۰؍ بین الاقوامی میچ میں سیریز پر قبضہ کرنے کے مضبوط ارادے کے ساتھ اترے گی ۔
ہندوستان نے موجودہ آسٹریلیائی دورے میں سڈنی میں کھیلے جانےوالے پہلے ۲؍ ون ڈے میچوں میں شکست پائی تھی اور اسے سڈنی گراؤنڈ میں ہیٹ ٹرک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ہندوستان۱۹۔۲۰۱۸ء کے دورے میں سڈنی میں کھیلا گیا ون ڈے میچ گنوادیا تھا لیکن کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں وراٹ کوہلی کی ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کو لگاتار دو میچوں میں شکست کا مزہ چکھا یاہے۔
کینبرا میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کینبرا میں۱۳؍ رن سے جیتا اور سیریز میں اپنی عزت بچائی۔ ٹیم انڈیا نے پہلا ٹی۲۰؍میچ ۱۱؍ رن سے جیتا تھا۔ ہندوستان نے ۱۶۱؍ رن بنانے کے بعد آسٹریلیا کا چیلنج۱۵۰؍ رن پر روک دیا ۔
ہندوستانی ٹیم اب ٹی۲۰؍ سیریز کے بقیہ دو میچ کھیلنے کے لئے سڈنی واپس چلی گئی ہے جہاں اس کا ریکارڈ زیادہ متاثر کن نہیں ہے۔ ہندوستان کو ٹی۲۰؍ سیریز جیتنے کے لئے سڈنی کا تعطل توڑنا ہوگا۔۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍سیریز دونوں ممالک کے درمیان۱۹۔۲۰۱۸ءمیں ایک ۔ ایک سے برابر رہی تھی تاہم ، ہندوستان کو دوسرے میچ سےپہلے ہی ایک دھچکا لگا کیونکہ فارم میں کھیلنے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا سر میں اور ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے باقی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
جڈیجا نے پہلے میچ میں ناٹ آؤٹ ۴۴؍ رن بنائے تھے اور ہندوستان کو۱۶۱؍ رن کے چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا تھا۔ جڈیجا کو اننگز کے آخری اوور میں مشیل اسٹارک کی گیند ہیلمٹ پر لگی تھی۔ جڈیجا نے اننگز مکمل کی لیکن وہ آسٹریلیا کی اننگز میں فیلڈنگ کے لئے نہیں اترے۔
ہندوستان نے کنکشن سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر لیگ اسپنر یزویندر چہل کو شامل کیا جنہوں نے ۲۵؍ رن پر۳؍ وکٹ لےکر ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ جڈیجا کے باہر ہونے کے بعد تیزگیندباز شاردل ٹھاکر کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹھاکر نے کینبرا میں آخری ون ڈے میں۳؍ وکٹ لئے تھے۔ جڈیجا کے باہر ہونے سے وراٹ کو اپنی حکمت عملی میں کچھ تبدیلی کرنی ہوگی تاکہ ہندوستانی بلے بازی متاثر نہ ہو۔
ہندوستانی ٹیم کو اپنی بلے بازی میں بہتری لانی ہوگی کیونکہ پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں سلامی بلے باز لوکیش راہل اور جڈیجا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا تھا۔ راہل نے ۵۱؍رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور ایک بار پھر اسی طرح کی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔
ٹیم کے سلامی بلے باز شکھر دھون نے پہلے میچ میں مایوس کیا اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ انہیں راہل کے ساتھ ایک بڑی شراکت قائم کرنی ہوگی تاکہ ٹیم انڈیا مضبوط آغاز کرسکے۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وراٹ پہلے میچ میں ناکام ثابت ہوئے اور صرف ۹؍ رن ہی بنا سکے۔
وراٹ سے دوسرے میچ میں بڑی اننگز کی توقع ہوگی ، جبکہ مڈل آرڈر میں ، شریس ایّر اور منیش پانڈے کو اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین اسکور تک پہنچانا ہوگا۔ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے بھی بہتر کارکردگی کی توقع رہے گی ، جو آخری میچ میں کچھ خاص نہیں کر سکے تھے۔ گیندبازی میں ایک مرتبہ پھر چہل اور ٹی نٹراجن پر بہترین کارکردگی کی ذمہ داری ہوگی ۔ ان دونوں گیندبازوں نے کینبرا میں پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں ۳۔۳؍ وکٹ لئے تھے جبکہ تیزگیندبازی کی ذمہ داری محمدسمیع اور دیپک چاہر کے کندھوں پر ہوگی ۔
دوسری جانب آسٹریلیا کوبھی اپنے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی کمی محسوس ہورہی ہے ، جو انجری کی وجہ سے محدود اوورس کی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ ، ڈی آر سی شارٹ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا ، جنہوں نے پچھلے میچ میں ایرون فنچ کے ساتھ شروعات کی تھی ۔
فنچ اورڈی آرسی نے ٹیم کو اچھی شروعات دی لیکن ان دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیائی اننگز لڑکھڑا گئی تھی ۔ ٹیم کو اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق لینا ہوگا اور ان کے بلے بازوں کو ون ڈے سیریز کی طرح بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے ۔
آسٹریلیا کو بھلے ہی آخری میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ان کے گیندبازوں کی کارکردگی شاندار تھی۔ آسٹریلیا کے گیندبازوں کو ڈیتھ اوورس میں اپنی کارکردگی میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔ کپتان فنچ نے بھی تسلیم کیا تھا کہ ڈیتھ اوورس میں رن دینا ٹیم کو بھاری پڑا ۔پہلے میچ میں آسٹریلیا کو کنکشن سبٹی ٹیوٹ سے سب سے زیادہ نقصان ہوا جس میں یزویندر چہل نے ٹیم کی شکست میں اہم کردار اداکیا۔ اتوار کو آسٹریلیا ان سے نمٹنے کی تیاری کرکے اترے گا۔