Inquilab Logo Happiest Places to Work

لکھنؤ سپرجائنٹس کی ۴؍ رن سے قریبی فتح

Updated: April 09, 2025, 10:04 AM IST | Kolkata

آئی پی ایل کے میچ میں کولکاتا کو اپنے گھریلو میدان پر شکست۔ لکھنؤ کے گیند بازوں نے آخری گیند تک میزبان کو جیتنے کا موقع نہیں دیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کپتان اجنکیا رہا نے کی نصف سنچری اور رنکو سنگھ کی شاندار بلے بازی کے باوجود کولکاتا  نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ میں ۴؍ رن  سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ لکھنؤ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۲۰؍ اوور میں۳؍ وکٹ پر۲۳۸؍رن  بنائے۔ جواب میں کے کے آر نے  مقررہ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر صرف۲۳۴؍ رن ہی بنا سکی۔ رہانے نے ۳۵؍ گیندوں پر ۸؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۶۱؍ رن بنائے جبکہ رنکو نے ۱۵؍ گیندوں میں ۶؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے  ناٹ آؤٹ ۳۸؍ رن بنائے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کے کے آر نے کوئنٹن ڈی کاک کا وکٹ جلد گنوا دیا جو۱۵؍ رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد سنیل نارائن اور رہانے نے دوسرے  وکٹ کیلئے ۵۰ +  رن جوڑے  تاہم دگویش راٹھی نے نارائن کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ نارائن ۱۳؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۰؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ رہانے اس کے بعد بھی نہیں رکے اور۲۶؍ گیندوں  پر  اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ جب رہانے اور وینکٹیش ایّر بیٹنگ کر رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ کے کے آر یہ بڑا ہدف حاصل کر سکتا ہے، لیکن شاردُل نے اجنکیارہانے کو آؤٹ کر کے کے کے آر کو بڑا جھٹکا دیا۔
 کپتان رہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد  کے کے آر کی اننگز ڈگمگا گئی کیونکہ اس نے رمندیپ (ایک)، انگکریش رگھوونشی (۵)، وینکٹیش ایّر (۴۵) اور آندرے رسل (۷)  کے  وکٹ گنوا  دیئے۔ اس کے بعد کے کے آر کیلئے  ہدف کو حاصل کرنا مشکل  نظر آ رہا تھا، لیکن رنکو نے آخری اوورس میں خوب دھوم مچادی۔ کے کے آر کو آخری اوور میں جیت کیلئے ۲۴؍ رن درکار تھے لیکن ٹیم صرف۲۰؍ رن بنا سکی۔ اس طرح لکھنؤ نے یہ میچ جیت لیا۔ کے کے آر کے ہرشیت رانا ۱۰؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لکھنؤ کی جانب سے آکاش دیپ اور شاردُل ٹھاکر نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے  جبکہ اویس خان، دگویش  سنگھ راٹھی اور روی بشنوئی  کے حصہ میں ایک ایک آیا ۔ 
 اس سے قبل نکولس پورن (ناٹ آؤٹ ۸۷؍رن)، مشیل مارش (۸۱؍رن) اور ایڈن مارکرم (۴۷؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کے۲۱؍ویں میچ میں منگل کو کولکاتانائٹ رائیڈرس کو فتح  کے لئے ۲۳۹؍ رن کا ہدف دیا۔

یہ بھی پڑھئے: پانڈیا کی دھماکہ خیز کارکردگی کے باوجود ممبئی کو۱۲؍ رن سے شکست

آج کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے کپتان اجنکیا رہانے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی  کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرنے آٗئی ایڈن مارکرم اور مشیل مارش کی اوپننگ جوڑی نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو مضبوط آغاز فراہم کیا، پہلے  وکٹ کیلئے ۹۹؍ رن بنائے۔ ۱۱؍ویں اوور میں ہرشیت رانا نے ایڈن مارکرم کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ مارکرم نے۲۸؍گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۴۷؍ رن بنائے۔ ۱۶؍ویں اوور میں آندرے رسل نے سنچری کی طرف بڑھ رہے مشیل  مارش کو رِنکو سنگھ کے ہاتھوں ڈیپ پوائنٹ پر کیچ کروا کر لکھنؤ کو بڑا دھچکا دیا۔ مارش نے ۴۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے۸۱؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ مارش کے آؤٹ ہونے کے باوجود نکولس پورن نے کولکاتا کے گیند بازوں کی پٹائی جاری رکھی۔۱۹؍ویں اوور میں ہرشیت رانا نے عبدالصمد (۶؍رن) کو آؤٹ کر کے کولکاتا کو تیسری کامیابی دلائی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ پر ۲۳۸؍ رن بنائے۔ نکولس پورن نے ۳۶؍ گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ۸؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۸۷؍ رن بنائے۔ ڈیوڈ ملر   ناٹ آؤٹ ۴؍رن  رہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی جانب سے ہرشیت رانا نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ٹیم کے اسٹار بلے بازآندرے رسل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK