• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مدھومیتا بشٹ اولمپک گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی بیڈمنٹن کھلاڑی

Updated: October 05, 2024, 11:51 AM IST | New Delhi

مدھومیتا کے پورے خاندان نے ان کےکریئر کوبنانے میں بہت قربانیاں دیں، چونکہ ان کے والد بھی انہیں ایک بہترین بیڈمنٹن پلیئردیکھنا چاہتے تھے۔ مدھومیتا کو بچپن میں کھیلوں سے انتہائی دلچسپی تھی۔ ایک وقت میں بہت سارے کھیل کھیلا کرتی تھیں۔

Madhumita Bisht is a great badminton player. Photo: INN.
بیڈمنٹن کی عمدہ کھلاڑی مدھومیتا بشٹ۔ تصویر: آئی این این۔

مدھومیتا بشٹ ہندوستان کی ان باصلاحیت پروفیشنل بیڈمنٹن کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ ملک کے بہترین بیڈمنٹن کھلاڑیوں میں سے ایک بشٹ جنہوں نےعالمی سطح پر شہرت حاصل کی، بیڈمنٹن کےشاندار کھلاڑیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ مدھو میتا بشٹ۵؍اکتوبر ۱۹۶۴ءکو اتراکھنڈمیں پیدا ہوئیں۔ مدھومیتا کا بیڈ منٹن کا دورتقریباً۳؍دہائیوں پر محیط رہا۔ چھوٹے سے شہر کی ایک لڑکی مضبوط ارادہ، ہمت اور کامیاب ہونے کے عزم کو یکجا کرکے اپنی ایک الگ دنیا بنائی اور بیڈمنٹن میں ایک مثال قائم کی۔ ۱۹۷۷ء میں قومی سب جونیئر چیمپئن بننےوالی اس لڑکی کا فلسفۂ زندگی بہت سادہ تھا۔ مدھومیتا کے پورے خاندان نے ان کےکریئر کوبنانے میں بہت قربانیاں دیں، چونکہ ان کے والد بھی انہیں ایک بہترین بیڈمنٹن پلیئردیکھنا چاہتے تھے۔ مدھومیتا کو بچپن میں کھیلوں سے انتہائی دلچسپی تھی۔ ایک وقت میں بہت سارے کھیل کھیلا کرتی تھیں۔ ایک اچھابیڈمنٹن کھلاڑی اور ٹیبل ٹینس کا کھلاڑی بننا چاہتی تھیں۔ والی بال میں بھی ان کو بہت دلچسپی تھی۔ ان کے والد نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ مختلف کھیلوں میں طبع آزمائی نہ کرکے کسی ایک کھیل کا انتخاب کریں جس میں وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ آخر کار بشٹ نے اپنے والد کے مشورے پر عمل کرتےہوئےبیڈمنٹن پر خاص توجہ دی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بیڈمنٹن کی ابتدائی تربیت حاصل کرنے والی مدھومیتانےرکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ آؤٹ ڈور کلے کورٹس پر کھیلنے سے لے کر ایک عارضی انڈورہال تک جس کی چھت صرف ۱۵؍ فٹ اونچی تھی، انہوں نے وہاں بھی دلجمعی سے مشق کی۔ 
۱۹۸۰ءسے۲۰۰۲ءتک قومی سطح پران کاکریئرشاندار رہا۔ انہوں نے بیڈمنٹن کی دنیا میں اپنا ایک خاص مقام بنایااور سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرائی۔ جارحانہ کھلاڑی نے۸؍مرتبہ قومی سنگلز چیمپئن شپ، ۹؍مرتبہ ڈبلزاور ۱۲؍مرتبہ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں جیت درج کی۔ مدھومیتانےسب سے پہلےمینا شاہ کا لگاتار ۷؍نیشنل سنگلز ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈتوڑا۔ ان کے۸؍ٹائٹلزمیں ۱۹۸۴ءاور ۱۹۹۰ء کے درمیان لگاتار ۷؍ٹائٹلز شامل ہیں۔ یہ ریکارڈ ۲۰۰۵ء تک قائم رہا، جب اپرنا پوپٹ نے اسے۹؍ جیت کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا۔ 
۱۹۹۲ءمیں مدھومیتابارسلونا میں ہونے والے اولمپک گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی بنیں۔ درحقیقت، ۱۹۸۰ءاور۱۹۹۰ءکی دہائیوں میں، مدھومیتا عالمی کپ اوراوبرکپ مقابلوں کے لیے ہندوستانی ٹیموں میں ایک باوقار کھلاڑی کی حیثیت رکھتی تھیں۔ مدھومیتا کوالالمپور میں ۱۹۹۸ء کے ایشیائی کھیلوں میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔ 
انہیں ۱۹۸۲ءمیں ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا اور ۲۰۰۶ءمیں پدم شری سے بھی نوازا گیا۔ ۱۹۷۷ء میں، مدھومیتا سب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن بن گئیں۔ اوراپنے کریئرمیں ۸؍بار انڈین نیشنل ویمنز سنگلز بیڈمنٹن کا ٹائٹل بھی جیتا۔ مدھومیتانے۲۰۰۲ءمیں فعال کھیلوں سے ریٹائرمنٹ لےلیااور انڈین ریلویز کے لیے ایک سرکاری مبصرکےطور پر کام کرنے لگیں۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا بیڈمنٹن اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو بیڈمنٹن میں مہارت حاصل کرنے میں مدد کرنے کے لیے کام کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK