Inquilab Logo

ممبئی کیلئے سرفراز کی سنچری کے بعد مدھیہ پردیش کا شاندار جواب

Updated: June 24, 2022, 1:39 PM IST | Agency | Bengaluru

رنجی ٹرافی کے فائنل میں ممبئی کے ۳۷۴؍رنوںکے جواب میں ایم پی نے ایک وکٹ پر ۱۲۳؍رن بنا لئے

 Mumbai batsman Sarfraz Khan scores a century while batting aggressively.Picture:PTI
ممبئی کے بلے باز سرفراز خان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ تصویر: پی ٹی آئی

سرفراز خان کی شاندار سنچری سے ۴۱؍بار کی چمپئن ممبئی نے رنجی ٹرافی کے فائنل میں دوسرے دن جمعرات کو یہاں مدھیہ پردیش کے خلاف پہلی اننگز میں ۳۷۴؍رن بنا لئے ۔سرفراز نے اس سیزن کی چوتھی سنچری  بناتے ہوئے ۲۴۳؍گیندوں میں ۱۳۴؍رن بنائے جس میں ۱۳؍چوکے اور ۲؍چھکے شامل تھے۔ مدھیہ پردیش نے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۲۳؍رن بنا لئے تھے۔یش دوبے ۴۴؍ جبکہ شبھم شرما ۴۱؍رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔دونوں نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں اب تک ۷۶؍رن جوڑے ہیں۔ ممبئی  نے دن کی شروعات ۵؍وکٹ پر ۲۴۸؍رنوں سے کی تھی۔دوسرے دن سرفراز چھائے رہے جو موجودہ سیزن میں صرف ۶؍ میچوں میں ۹۳۷؍رن بنا چکے ہیں۔ممبئی کی ٹیم اگر اس میچ میں دوبارہ بلے بازی کرتی ہے تو ایک سیزن میں ایک ہزار رن بنانے کا ان کے پاس موقع ہوگا۔ممبئی نے پہلے ہی اوور میں شمس ملانی(۱۲) کا وکٹ گنوایا تھا جنہیں گورو یاد(۱۰۶؍پر۴؍وکٹ) نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔سرفراز خان نے اپنی اننگز کے دوران خراب گیندوں کو اچھا سبق سکھایا جس سے ایم پی کے کپتان آدتیہ سریواستو کو اپنے فیلڈروں کو  میدان پر پھیلانا پڑا۔ آسمان پر چھائے بادلوں کے درمیان گیندباز گیند کو موو کرا رہے تھے لیکن بلے بازی کےلئے مشکل اس وکٹ پر سرفراز خان ڈٹے رہے۔انہوںنے ٹی۔۲۰؍کے انداز میں وکٹ کیپر کے اوپر سے گیند کو اسکوپ کرتے ہوئے باؤنڈری کے باہر بھیجا۔جب وہ ۹۷؍ رنوں پر کھیل رہے تھے تو انہوںنے گیندباز کے سر کے اوپر سے گیند کو باؤنڈری کے باہر پہنچاتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔انہوںنے اس  سیزن میں جس طرح کی بلے بازی کا مظاہرہ کیا  ہے اس سے یہ کہنا درست ہوگا کہ وہ ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کےلئے دروازہ کھٹکھٹا نہیں رہے بلکہ دھماکہ کر رہےہیں۔ ممبئی کے ۳۷۴؍رنو ںکے جواب میں مدھیہ پردیش نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۲۳؍رن بنا لئے ہیں۔اب اس کی کوشش ہوگی کہ وہ ممبئی کی پہلی اننگز سے آگے اپنا اسکور لے جائے تاکہ پہلی اننگز کی بنیاد پر اسےبرتری حاصل ہوسکے اور وہ ۲۳؍سال کے طویل انتظار کے بعد رنجی ٹرافی کا خطاب جیت سکے ۔دوسری جانب ممبئی کی کوشش ہوگی کہ وہ جلد ازجلد ایم کے بلے بازوں کو آؤٹ کر لے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK