Inquilab Logo

کرکٹ قوانین میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں

Updated: September 21, 2022, 2:19 PM IST | Agency | Dubai

آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی نے نئے قوانین کو منظوری دے دی۔ یکم اکتوبر سے کرکٹ کے مقابلوں میں نئے قوانین کا اطلاق ہوگا

A permanent ban was imposed on spitting on the ball in crick .Picture:INN
کرکٹ میں گیند پر تھوک لگانے پر مستقل پابندی عائد کرد ی گئی ہے ۔ تصویر:آئی این این

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گیند پر تھوک لگانے کی پابندی کو مستقل کرنے سمیت بہت سی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردی ہیں۔ عالمی کرکٹ کی ریگولیٹری باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو کھیل کے قوانین میں تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ یہاں جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں آئی سی سی نے کہا کہ سورو گنگولی کی زیرقیادت مینز کرکٹ کمیٹی نے ویمنز کرکٹ کمیٹی کی رضامندی سے ایم سی سی کے ۲۰۱۷ء کے کرکٹ رولز (تیسرے ایڈیشن) میں تبدیلی کی سفارش کی تھی جسے چیف ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کی منظوری ہے۔نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر۲۰۲۲ء سے ہوگا اور۱۶؍ اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ نئے قوانین کے مطابق جب کوئی بلے باز کیچ آؤٹ ہوتا ہے تو نیا بلے باز اسٹرائیک لے گا، چاہے پچھلے دو بلے باز مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے کیچ لینے سے پہلے رن لیتے ہوئے ایک دوسرے کو پار کرگئے ہوں۔ یہ اصول مارچ ۲۰۲۲ء میں دنیا کے سامنے آیا تھا اور یکم اکتوبر سے اسے باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز تبدیل کرتے ہوئے نیا نظام متعارف کروایا ہے، نئے رولز کے تحت کیچ پکڑنے پر کراسنگ کے باوجود اب نیا آنے والا بلے باز ہی گیند کا سامنا کرے گا۔ ٹیسٹ اور ون ڈے میں نئے آنے والے بلے باز کیلئے ۲؍ منٹ میں بال کھیلنے کے لئے تیار ہونا ضروری ہوگا، اس سے پہلے یہ ۳؍ منٹ کا وقت تھا۔ اسی طرح مقررہ وقت گزر جانے کے بعد حریف کپتان ٹائم آؤٹ کی اپیل کرسکے گا البتہ ٹی۲۰؍میں یہ وقت ایک منٹ ۳۰؍ سکینڈ برقرار رہے گا۔گیندباز جب گیند کرنے کیلئے بھاگ رہا ہوگا تو اس دوران فیلڈنگ میں تبدیلی کرنےپر ڈیڈ بال کے ساتھ حریف ٹیم کو ۵؍ رن بھی دیئے جائیں گے جبکہ بال ڈیلیور ہونے سے پہلے وکٹ سے باہر آنے والے اسٹرائیکر کو تھرو کرنے کی کوشش پر امپائر ڈیڈ بال دینے کا پابند ہوگا۔ نان اسٹرائیکر اگر گیند پھینکے جانے سے پہلے رن لینے کیلئے کریز سے آگے نکلے گا تو گیندباز کی طرف سے وہ رن آؤٹ غیر منصفانہ نہیں ہوگا بلکہ باقاعدہ رن آؤٹ کہلائے گا۔
 خیال رہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں شامل اراکین کی فہرست میں سورو گنگولی (چیئرمین)، رمیز راجہ (مبصر)، مہیلا جے وردھنے اور راجر ہارپر (بطور سابق کھلاڑی)، ڈینیل ویٹوری اور وی وی ایس لکشمن (موجودہ کھلاڑیوں کے نمائندے)، گیری اسٹیڈ (رکن ٹیم کوچ نمائندہ)، جے شاہ (مکمل ممبر نمائندہ)، جوئل ولسن (امپائر کا نمائندہ)، رنجن مدوگالے (آئی سی سی چیف ریفری)، جیمی کاکس (ایم سی سی نمائندہ)، کائل کوئٹزر (اسوسی ایٹ نمائندہ)، شان پولاک (میڈیا نمائندہ)، گریگ بارکلے اور جیوف ایلارڈائس (آئی سی سی کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو)، کلائیو ہچکاک (کمیٹی سیکریٹری)،ڈیوڈ کینڈکس (اعداد وشمار)۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK