• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلش پریمیر لیگ میں آج سے مانچسٹر سٹی کی دفاعی مہم کا آغاز

Updated: August 18, 2024, 12:05 PM IST | Inquilab News Network | London

لیگ کے پہلے مقابلے میں سٹی کی ٹیم چیلسی سے مقابلہ کرے گی۔ دونوں کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع۔ سٹی کے ہالینڈ ایک بارپھر بہترین کارکردگی کیلئے تیار۔

Erling Haaland of City. Photo: INN
سٹی کے ارلنگ ہالینڈ۔ تصویر : آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب اپنی دفاعی مہم کا آغاز چیلسی کے خلاف اتوار سے کرے گا۔ مانچسٹر سٹی نے گزشتہ سیزن میں جدوجہد کے بعد چمپئن شپ پر قبضہ کیا تھا۔ 
 نئے سیزن میں سٹی کی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ میدان پر اترے گی اور چاہے گی کہ وہ پورے ۳؍ پوائنٹس حاصل کرے۔ اس میچ میں سٹی کی جانب سے ارلنگ ہالینڈ سے اچھے کھیل کی امید کی جارہی ہے۔ گزشتہ سیزن میں انہو ں نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا اور اپنی ٹیم کو چمپئن بنانے میں اہم رول اداکیا تھا۔ اس بار بھی ان کی کوشش یہی ہوگی کہ وہ زیادہ سے زیادہ گول کرتے ہوئے ٹیم کیلئے اچھا مظاہرہ کریں ۔ اس کے ساتھ ہی سٹی کی جانب سے کیون ڈی برائن اور برنارڈو سلوا بھی اچھا کھیل پیش کرنا چاہیں گے۔ 
 ای پی ایل کے پچھلے سیزن میں چیلسی کی کارکردگی اچھی نہیں تھی اور اس نے چھٹی پوزیشن پر اپنے سیزن کا خاتمہ کیا تھا۔ ۱۵؍روز قبل چیلسی اور سٹی کے درمیان مقابلہ ہوا تھا اور آخرالذکر ٹیم نے ۲۔ ۴؍ گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں ارلنگ ہالینڈ نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔ سٹی کے خلاف رحیم اسٹرلنگ اور نونی میڈیوکے نے بعد میں اچھا کھیلنے کی کوشش کی تھی لیکن تب تک تاخیر ہوچکی تھی کیونکہ سٹی نے میچ پر دبدبہ قائم کرلیا تھا۔ 
 چیلسی کی ٹیم تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور وہ اپنے کھلاڑیوں سے ای پی ایل کے مضبوط کلب کے خلاف اچھا مظاہرہ کرنے کی پوری اُمید کرے گی۔ دوسری طرف مانچسٹر سٹی فٹبال کلب ۸؍ویں سیزن میں اپنے ۷؍ویں خطاب کیلئے اس سیزن میں کیل کانٹوں سے لیس ہے۔ اس کے سبھی کھلاڑیوں نے پری سیزن میں اچھا مظاہرہ کیا ہے۔ 

جدوجہد کے بعد مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب نے فلہم کو مات دے دی 
مانچسٹر یونائٹیڈ نے جمعہ  کی دیر رات کو برطانیہ کے اولڈ ٹریفورڈ  میں فلہم کے خلاف ۰۔۱؍ گول کی سنسنی خیز جیت کے ساتھ اپنی پریمیر لیگ مہم کا آغاز کیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کی جانب سے آغاز کرنے والے جوشوا زرکزی کے دیر سے کئے جانے والے گول کی بدولت فٹبال کلب نے کامیابی حاصل کی۔ لیگ میں مہم کے فاتحانہ آغاز کے باوجود سابق یونائٹیڈ ڈیفنڈر گیری نیویل نے ہیڈ کوچ ایرک ٹین ہیگ کے ماتحت ٹیم کی کارکردگی اور کھیل کے انداز پر تشویش کا اظہار کیا۔ اسکائی اسپورٹس فٹبال پر بات چیت کرتے ہوئے نیویل نے کہا کہ ’’ٹیم نے اس میچ میں ٹھہراؤ اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ‘‘ نیویل نے کہاکہ ’’ انہیں جیتنا ہی تھا لیکن ایسا نہیں لگتا تھا کہ ٹیم میچ بڑے فرق سے جیتے گی۔‘‘  تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران کھلاڑیوں کو میدان میں تناؤ کے ماحول میں کھیلتے ہوئے دیکھا گیا۔

لیورپول کی فتح سے شروعات
انگلش پریمیر لیگ میں سنیچر کی شام لیورپول فٹبال کلب نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتےہوئے اپسوچ ٹاؤن فٹبال کلب کو ۰۔۲؍گو ل سے شکست دے دی۔ لیورپول نے ای پی ایل کے نئے سیزن کا شاندار آغاز کیا ہے۔ اس نے اپنے افتتاحی میچ میں نئی ٹیم  اپسوچ کو ۲؍گول سے روند کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس میچ کے ہیرو محمد صلاح رہے۔ انہوںنے ایک گول کیا اور گول کرنے میں معاونت کی۔  محمد صلاح نے لیورپول کی جانب سے اپنا ۳۵۰؍واں میچ کھیلا۔ میچ کے ۶۰؍ ویں منٹ میں ڈیگو جوٹا نے صلاح کی مدد سے پہلا گول کیا۔ ۶۵؍ویں منٹ میں انہوں نے ٹیم کیلئے دوسرا گول کیا۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK