• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلب ورلڈ کپ فائنل میں مانچسٹرسٹی کی شاندار جیت

Updated: December 24, 2023, 11:46 AM IST | Agency | Jeddah

فلومیننس کو ۴-صفر سے ہرادیا ،اس کے ساتھ ہی ٹیم نے اس سال کا پانچواں خطاب اپنے نام کرلیا ،پیپ گارڈیولا نے جدہ میں تاریخ رقم کی کیونکہ وہ چار بار اور تین مختلف کلبوں کے ساتھ کلب ورلڈ کپ جیتنے والے پہلے کوچ بن گئے،گارڈیولا نے دونوں فائنل ٹیموں کا موازنہ ماضی میں برازیل کی قومی ٹیموں سے کیا۔

Manchester City players celebrating with the trophy, according to Pep Guardiola, this trophy is very special to him. Photo: INN Photo: INN
مانچسٹرسٹی کے کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے،پیپ گارڈیولا کے مطابق یہ ٹرافی ان کیلئے بہت خاص ہے ۔ تصویر : آئی این این

مانچسٹر سٹی نے جمعہ کی شب کلب عالمی کپ کے فائنل میں فلومینینس کو۰-۴؍سے شکست دے کرپہلا کلب عالمی کپ اور۲۰۲۳ء میں پانچواں خطاب اپنے نام کرلیا ۔ مانچسٹر سٹی نے میچ میں انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کیا اور جولین الواریز کے گول کی مدد سے محض۴۰؍ سیکنڈ کے اندر ہی سبقت حاصل کرلی۔ فلومینینس کے کپتان نینو کے۲۷؍ویں منٹ میں کیے گئے خود کش گول سے مانچسٹر سٹی کی برتری دوگنی ہوگئی اور پھر فل فوڈین نے ۷۲؍ویں منٹ میں ٹیم کے لیے تیسرا گول کرڈالا۔الواریز نے ۸۸؍ویں منٹ میں اپنے دوسرے گول سے مانچسٹر سٹی کو ۰۔۴ سے آگے کردیا، جو کہ آخر تک قائم رہا۔ مانچسٹر سٹی نے پہلا کلب عالمی کپ اپنی جھولی میں ڈالا اور اس نے یورب کو فیفا کے اس کلب ٹورنامنٹ کے ۱۷؍ویں مرحلے میں ۱۶؍ویں ٹرافی دلائی۔ مانچسٹر سٹی نے رواں برس ایف اے کپ، پریمیرلیگ، چمپئن لیگ اور سپر کپ کےخطاب جیتے ہیں ۔ اس جیت سے پیپ گارڈیولا تین مختلف ٹیموں کے ساتھ فیفا کلب عالمی کپ جیتنے والے پہلے کوچ بن گئے ہیں ۔ انہوں نے ۲۰۰۹ء اور۲۰۱۱ء میں بارسلونا کو یہ خطاب دلایا، پھر۲۰۱۳ ء میں ان کی نگرانی میں بائرن میونخ نے بھی یہ ٹرافی جیتی۔
مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گارڈیولا کا کہنا ہے کہ مانچسٹر سٹی نے پہلے کبھی فلومینینس جیسی ٹیم کا سامنا نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی ان دونوں ٹیموں کو ماضی کی عظیم برازیل کی قومی ٹیم سے تشبیہ دی۔
 پیپ گارڈیولا نے جدہ میں تاریخ رقم کی کیونکہ وہ چار بار اور تین مختلف کلبوں کے ساتھ کلب ورلڈ کپ جیتنے والے پہلے کوچ بن گئے۔سٹی نے کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں اب تک کی فتح کے سب سے بڑےفرق کو حاصل کرلیا ۔یہ ریکارڈ بھی گارڈیولا کی سربراہی میں قائم کیاگیا تھا جب بارسلونا نے۲۰۱۱ء میں سینٹوس کو۰-۴؍سے شکست دی تھی۔
 دونوں یورپی ٹیمیں ۲۰۱۲ء سے مسلسل جاری اس ایونٹ میں ناقابل شکست ہیں ۔ کنگ عبداللہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جب جولین الواریز نے پہلے منٹ میں گول داغا تب اندازہ ہوگیا تھا کہ میچ کا نتیجہ کیا ہونے والا ہے۔قسمت نے فلومینینس کا ساتھ نہیں دیا  ،یہی وجہ تھی کہ اس کے کپتان نینو نے کا گول اس پر ہی بھاری پڑگیا ۔مانچسٹر سٹی دوسرے ہاف میں سال کی پانچویں ٹرافی تک پہنچنے میں کامیاب رہی اور آخری۲۰؍ منٹ میں مزید دو گول کے ساتھ فتح حاصل کرلی۔ میچ کے تعلق سے گارڈیوولا نے مزید کہا کہ ’’ہم (مانچسٹر میں ) پریڈ نہیں کرتے لیکن میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ یہ ٹرافی آپکو ہمیشہ یاد رہے گی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’اس کا مطلب ہے کہ آپ امسال دنیا کی بہترین ٹیم ہیں ۔ یہ منفرد اور خاص ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK