انگلش بلے باز جو روٹ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے ۶۲؍ رن بنائے۔ انگلینڈ سیریز میں ۰۔ ۱؍سے آگے۔
EPAPER
Updated: August 26, 2024, 11:43 AM IST | Manchester
انگلش بلے باز جو روٹ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے ۶۲؍ رن بنائے۔ انگلینڈ سیریز میں ۰۔ ۱؍سے آگے۔
جو روٹ کی ناٹ آؤٹ ۶۲؍ رن کی جارحانہ اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا کو ۵؍ وکٹ سے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۱؍ کی برتری حاصل کر لی۔
اس سے قبل سنیچر کو کامندو مینڈس کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں ۳۲۶؍ رن بنائے تھے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے ۲۰۵؍ رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکائی گیندبازوں نے انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف آغاز میں ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۳؍ وکٹ حاصل کرلئے۔ لیکن جو روٹ، ناٹ آؤٹ ۶۲؍رن نے ہیری بروک اور جیمی اسمتھ کے ساتھ ۲؍ اہم شراکت قائم کرکے چوتھے دن میچ کا اختتام کیا۔ اس کے ساتھ ہی روٹ نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کے معاملے میں راہل دراوڑ اور ایلن بارڈر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہیری بروک (۳۲؍رن ) اور جیمی اسمتھ (۳۹؍رن) نے بھی اچھی بلے بازی کی۔
دھننجے ڈی سلوا کی کپتانی میں سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے کپتان دھننجے ڈی سلوا (۷۴؍رن) اور میلان رتنائیکے (۷۲؍رن) کی شاندار بلے بازی کے دم پر پہلی اننگز میں ۲۳۶؍ رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور شعیب بشیر نے ۳۔ ۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ گس اٹکنسن نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
جواب میں انگلینڈ نے جیمی اسمتھ (۱۱۱؍ رن) کی سنچری اور ہیری بروک (۵۶؍رن) کی نصف سنچری کی بدولت ۳۵۸؍ رن بنا کر ۱۲۲؍ رن کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتا فرنانڈو نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ پربھات جے سوریہ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ وشوا فرنانڈو نے ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
کامندو مینڈس کی سنچری اور دنیش چندیمل کی نصف سنچری (۷۹؍رن) کی بدولت سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں ۳۲۶؍ رن بنائے اور انگلینڈ کو جیت کیلئے ۲۰۵؍ رن کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور میتھیو پوٹس نے ۳۔ ۳؍ وکٹ لئے۔ گس اٹکنسن نے ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے ۵۷ء۲؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ پر۲۰۵؍ رن بنائے اور میچ ۵؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریا اور اسیتا فرنانڈو نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ جیمی اسمتھ کو شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔