Updated: December 27, 2024, 5:03 PM IST
| Melbourne
ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سابق ہندوستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اعزاز میں جمعہ (۲۷؍ دسمبر) کو آسٹریلیا کے خلاف جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے دوران بازو پر سیاہ فیتہ باندھے نظر آئے۔ بی سی سی آئی نے ’ایکس ‘پر تصویر شیئر کی۔
جسپریت بمراہ اور روہت شرما بازو پر سیاہ فیتہ باندھے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔
ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سابق ہندوستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اعزاز میں جمعہ (۲۷؍ دسمبر) کو آسٹریلیا کے خلاف جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کے دوران بازو پر سیاہ پٹیاں باندھے نظر آئے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا جمعرات(۲۶؍ دسمبر) کی رات انتقال ہوگیا تھا۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی یاد میں احترام کے طور پر بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی ہیں، جن کا گزشتہ رات انتقال ہو گیا۔ یاد رہے کہ منموہن سنگھ نے۲۰۰۴ء سے۲۰۱۴ءتک ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی موت کی تصدیق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS)، دہلی نے کیا۔ جمعرات کو انہیں تشویشناک حالت میں شام ساڑھے ۸؍بجے کے قریب ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں تمام کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جاسکا اور رات۹؍ بجکر ۵۱؍ منٹ پر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
قابل ذکر رہے کہ آسٹریلیا نے میلبورن میں دوسرے دن کے کھیل کا آغاز۶؍ وکٹ کے نقصان پر۳۱۱؍ کے اسکور سے کیا اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے۱۱۲؍ رنز جوڑے۔ اسمتھ، جو ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے چوتھے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں، نے صبح کے سیشن میں ہندوستان کے خلاف اپنی۱۱؍ویں اور مجموعی طور پر۳۴؍ویں سنچری بنائی۔ جمعہ کو لگائی گئی سنچری اسمتھ کی لگاتار دوسری سنچری تھی اور اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ پیٹ کمنز نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۶۳؍ گیندوں پر۴۹؍ رنز بنائے۔ انہیں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے۱۰۵؍ویں اوور کی پہلی گیند پر رویندر جدیجا نے آوٹ کیا۔