• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

میلبورن ٹیسٹ : ٹیم انڈیا کی شکست، آسٹریلیا کو ۱-۲؍ کی برتری

Updated: December 31, 2024, 11:45 AM IST | Agency | Melbourne

آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کے سامنے جیت کیلئے ۳۴۰؍رن کا ہدف رکھا تھا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم ۱۵۵؍رن پر سمٹ گئی،۱۳؍ سال بعد میلبورن میں شکست۔

Australian players jumped for joy after winning the match. Photo: PTI
میچ جیتنے کے بعد آسٹریلیائی کھلاڑی خوشی سے اچھل پڑے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف جاری بارڈر -گاوسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میں ۱۸۴؍رن سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے۵؍ میچوں کی سیریز میں ۱-۲؍کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کے سامنے جیت کیلئے ۳۴۰؍رن کا ہدف رکھا تھا جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم ۱۵۵؍ رن پر ہی سمٹ گئی۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ۴۷۴؍ رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستان کی پہلی اننگز۳۶۹؍رن پر ختم ہوئی۔ ٹیم انڈیا کو۳۴۰؍ رن کا ہدف ملا تھا لیکن ہندوستان کی اننگز صرف ایک دن میں ہی سمٹ گئی۔ 
  ٹیم انڈیا تین سیشن بھی نہیں کھیل سکی اور اس کے ۱۱؍بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ ٹیم کے ۷؍ بلے باز آخری سیشن میں آؤٹ ہوئے۔ یہ ٹیم انڈیا کی۱۳؍ سال بعد میلبورن میں ٹیسٹ شکست ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم۲۰۱۱ء میں ہار ی تھی۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ۴؍ ٹیسٹ کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں ۱-۲؍کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اب پانچواں اور آخری ٹیسٹ۳؍جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ روہت کی کپتانی میں ٹیم انڈیا کی گزشتہ ۲؍ ماہ میں ۶؍ ٹیسٹ میچوں میں یہ پانچویں شکست ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف۰-۳؍ کی شکست کے بعد ہندوستان کو ایڈیلیڈ اور اب میلبورن میں شکست ملی ہے۔ 
  آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۴۷۴؍ رن بنائے تھے۔ اسٹیو اسمتھ نے سنچری اسکور کی تھی۔ جواب میں ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۶۹؍ رن بنائے۔ ۲۱؍ سالہ نتیش ریڈی نے شاندار سنچری بنائی۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۱۰۵؍ رن کی برتری حاصل ہوئی۔ اس کے بعد ہندوستان نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں ۲۳۴؍ رن پر سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا کی مجموعی برتری ۳۳۹؍ رن تھی اور ہندوستان کو۳۴۰؍ رن کا ہدف ملا لیکن ٹیم انڈیا نہ تو میچ جیت سکی اور نہ ہی ڈرا کرا سکی، حالانکہ اس کے پاس صرف ایک دن تھا۔ 
 اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستان کی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں پہنچنے کی امیدوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔ اب اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سڈنی میں اگلا ٹیسٹ بھی جیتنا ہوگا۔ میچ ڈرا رہنے یا شکست ٹیم انڈیا کو دوڑ سے باہر کر دے گی۔ 
 یشسوی جیسوال۸۴؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا لیکن ریویو پر ناکافی ثبوت ہونے کے باوجود تھرڈ امپائر نے آؤٹ کر دیا۔ جیسوال کی وکٹ گرنے پر ہندوستان کو مزید ۲۲؍ اوور کھیلنے تھے اور میچ ڈرا ہونے میں ۳؍وکٹیں باقی تھیں لیکن۷۰ء۵؍ اوور میں یشسوی کے وکٹ کے بعد ہندوستان کے آخری۳؍ بلے باز۹؍ اووروں میں آؤٹ ہوگئے۔ ٹیم انڈیا کی شکست کی اصل وجہ اس کے بلے بازوں کی ناقص کارکردگی رہی۔ یشسوی کے علاوہ سلامی بلے بازوں روہت شرما (۹)، کے ایل راہل (صفر) اور وراٹ کوہلی (۵) دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ اس کے علاوہ رشبھ پنت کے خراب شاٹ نے میچ کا رڈ ہی موڑ دیا۔ یشسوی نے رشبھ پنت کے ساتھ۸۸؍ رن کی شراکت بنا کر ٹیم کو ابتدائی جھٹکے سے بچایا لیکن پنت نے ایک خراب شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد جڈیجہ اور ریڈی کی وکٹیں بھی تیزی سے گریں۔ 
 ساتویں وکٹ کے طور پر یشسوی جیسوال(۸۴)کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ مکمل طور پر ہندوستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔ ہندوستان کی طرف سے صرف دو بلے باز یشسوی جیسوال(۸۴) اور رشبھ پنت(۳۰)ڈبل فیگر میں پہنچ سکے جبکہ۱۲؍ رن اضافی تھے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے نتیش ریڈی دوسری اننگز میں صرف ایک رن بنا سکے۔ دیگر بلے بازوں میں رویندر جڈیجا(۲)، آکاش دیپ (۷)، جسپریت بمراہ (صفر)، محمدسراج( صفر) پر آؤٹ ہوئے جبکہ واشنگٹن سندر نے ۵؍رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز، اسکاٹ بولانڈ نے تین تین، ناتھن لیون نے دو، مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ پہلی اننگز میں ۴۹؍رن اور ۳؍ وکٹیں اور دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹوں کے ساتھ۴۱؍ رن کا تعاون دینےوالے پیٹ کمنز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK