فٹ بال پلس اکیڈمی کے زیر اہتمام ۲۰۰۲ء کی فیفا عالمی کپ فاتح برازیل کے کھلاڑی ہندوستان آئیں گے۔
EPAPER
Updated: March 02, 2025, 12:01 PM IST | Mumbai
فٹ بال پلس اکیڈمی کے زیر اہتمام ۲۰۰۲ء کی فیفا عالمی کپ فاتح برازیل کے کھلاڑی ہندوستان آئیں گے۔
فٹ بال پلس اکیڈمی نے برازیل لیجنڈز بمقابلہ انڈیا آل-اسٹارز میچ کے سرکاری ٹکٹوں کے اجرا کا اعلان کر دیا ہے جس کا بے صبری سے انتظار کیاجارہا ہے۔ اس میچ میں فیفا ورلڈ کپ کی فاتح برازیل فٹبال ٹیم کے عظیم کھلاڑی شرکت کریں گے۔
یہ تاریخی مقابلہ ۳۰؍ مارچ کو شام ۷؍ بجے مشہور جواہر لال نہرو اسٹیڈیم، چنئی میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان میں پہلی بار۲۰۰۲ء فیفا ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی لیجنڈری ٹیم جس میں رونالڈینہو، کیفو، ریوالڈو اور کوچ ڈُنگا شامل ہیں، کوچ پرشانت بنرجی کی قیادت میں اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل انڈیا آل-اسٹارز ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔
کہا جارہا ہےکہ یہ ایونٹ فٹ بال میں مہارت، جنون اور تاریخ کے شاندار مظاہرے کا دن ہوگا۔ فٹ بال پلس اکیڈمی اور فٹ بال پلس سمٹ کے بانی ڈیوڈ آنند نے کہا ’’ یہ ہندوستان میں فٹ بال کیلئے یہ تاریخی لمحہ ہے۔ ہماری انڈیا آل-اسٹارز ٹیم کے سامنے ۲۰۰۲ء کی ورلڈ کپ فاتح برازیل ٹیم کو چنئی میں لانا ایک خواب کے حقیقت بننے جیسا ہے۔ فٹبال پلس اکیڈمی میں، ہمیں فخر ہے کہ ہم شائقین کو یہ زندگی میں ایک بار ملنے والا موقع فراہم کر رہے ہیں ۔ بُک مائی شو پر اپنے ٹکٹ بک کریں اور تاریخ کا حصہ بنیں۔ ‘‘
۲۰۰۲ء کی فیفا ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی ریوالڈو نے لکھا ’’ نمستے، ہندوستان میں میرے دوستو! میں ریوالڈو ہوں اور میں ایک یادگار تجربہ شیئر کرنے آ رہا ہوں۔ ۳۰؍ مارچ کو میں آپ سب کے ساتھ وہاں موجود رہوں گا۔ یقیناً یہ خاص لمحات جمع کرنے کا موقع ہوگا، ایک نا قابلِ یقین تجربہ! آپ سب کو بہت سارا پیار اور میں آپ لوگوں سے ملنے کیلئے بےچین ہوں !‘‘
فٹ بال کے شائقین برازیل کے عظیم کھلاڑیوں کی شاندار لائن اپ دیکھیں گے جن میں یہ نام شامل ہیں : رونالڈینہو، ریوالڈو، کیفو، گلبیرٹو سلوا، ایڈملسن، کلیبرسن، ریکارڈو اولیویرا، کاکاپا، کمانڈو کائیہ، ایلی ویلتن، پاؤلو سرجیو، ہیوریلیو گومز، ڈیاگو گِل، جورگینہو، امرل، لوسیو، الیکس فیرو، جونیئر، جیووانی، وایولا اور مارسیلو۔
انڈیا آل اسٹارزٹیم میں یہ کھلاڑی ہوں گے: مہتاب حسین، الوئٹو ڈی کُنہا، سید رحیم نبی، سوبھاشیش رائے چودھری، معراج الدین واڈو، شنموگم وینکٹیش، ارنب منڈل، مہیش گاؤلی اور دیگر۔
عالمی لیجنڈز جب ہندوستانی اسٹارز سے مقابلہ کریں گے تو یہ تاریخی موقع ہوگا اورہندوستان کیلئے اعزازہوگا۔ ہندوستانی فٹ بال شائقین کے لیے ایک نادر موقع کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے والے لیجنڈز کو ہندوستان میں براہِ راست کھیلتا ہوا دیکھ سکیں گے۔