انگلینڈ کی نوجوان کرکٹ ٹیم ۱۴؍جنوری سے جنوبی افریقہ کا دورہ کرےگی۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 12:15 PM IST | Agency | London
انگلینڈ کی نوجوان کرکٹ ٹیم ۱۴؍جنوری سے جنوبی افریقہ کا دورہ کرےگی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کے بیٹے آل راؤنڈر آرچی وان جنوبی افریقہ کے دورے پر انگلینڈ کی انڈر۔ ۱۹؍ کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ واضح رہے کہ آرچی وان کو ۱۴؍جنوری سے ۶؍فروری تک شیڈول ۳؍یکروزہ اور۲؍ ریڈ بال میچوں میں ۱۸؍رکنی ٹیم کاکپتان بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ آرچی نے گزشتہ سیزن میں سمرسیٹ کے لئے صرف ۴؍ کاؤنٹی چمپئن شپ میچوں میں ۱۵؍ وکٹیں حاصل کیں اور ۲۳۶؍رن بنائے تھے۔
آرچی نے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’’کرسمس سے پہلے تربیتی کیمپ کے دوران مجھے پتہ چلا کہ میں کپتان بننے جا رہا ہوں۔ اس سطح پر انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کا موقع ملنا اپنے آپ میں خاص ہے لیکن وہاں ٹیم کی قیادت کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک اچھا چیلنج ہو گا اور ہمیں حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا۔ کرسمس سے پہلے ہم نے جو تربیتی کیمپ لگایا تھا وہ واقعی فائدہ مند تھا اور ہم سب تیار ہیں اور آگے بڑھنے کے منتظر ہیں۔ اگر کسی نے مجھے ۱۲؍ماہ پہلے بتایا ہوتا کہ مجھے سمرسیٹ کی پہلی ٹیم میں زبردستی شامل کیا جائے گا اور انڈر۔ ۱۹؍کی کپتانی کروں گا تو میں ان پر یقین نہیں کرتا۔ یہ بہت جلد ہوا لیکن میں قدم آگے بڑھانے جا رہا ہوں ۔ ‘‘انگلینڈ کی انڈر۔ ۱۹؍ٹیم ۱۷؍ جنوری کو جنوبی افریقہ کی انڈر۔ ۱۹؍ٹیم کیخلاف پہلے ۵۰؍ اوور کے میچ کیلئے اڑان بھرے گی۔ ۲؍ میچوں کی ریڈ بال سیریز کا آغاز ۲۶؍جنوری کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا جبکہ۳؍ فروری کو دوسرا میچ سٹیلن بوش میں ہوگا۔