• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مچیل جانسن، ڈیوڈ وارنر کیساتھ کشیدگی ختم کرنے کے خواہاں!

Updated: November 22, 2024, 11:54 AM IST | Agency | Perth

وارنر کو اپنے کالم میں تنقید کا نشانہ بنانے والےآسٹریلیائی تیز گیندباز نے کہا کہ اب وہ اور سابق افتتاحی بلے باز کمنٹری باکس کا حصہ ہوںگے اس لئے اختلافات نہ رہیں تو بہتر ہوگا۔

Mitchell Johnson (right) and David Warner will now be seen doing commentary. Photo: INN
مچیل جانسن(دائیں)اور ڈیوڈ وارنر اب کمنٹری کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ تصویر : آئی این این

 آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق تیز گیند باز مچیل جانسن نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل ڈیوڈ وارنر کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر اور مچیل جانسن دونوں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان۵؍میچوں کی بارڈر۔ گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے دوران کمنٹیٹر کے فرائض انجام دیں گے اور ممکنہ طور پر دونوں کو ایک ساتھ کھیل کا تجزیہ کرنا اور جائزہ لینا پڑے گا۔ 
  یاد رہے کہ مچیل جانسن نے ڈیوڈ وارنر پر شدید تنقید کرتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹ برادری میں ہنگامہ مچا دیا تھا اور سوال اٹھایا تھا کہ کیا ٹیم کے افتتاحی بلے بازکرکٹ سے ریٹائر ہونے کیلئے’فیر ویل‘ ٹیسٹ کے مستحق ہیں۔ تاہم، جانسن نے واضح کیا کہ وہ دونوں بالغ ہیں اور ایک سال پہلے جو کچھ ہوا اس سے آگے بڑھنا چاہیے۔ ’’ہم بالغ ہیں، آپ آگے بڑھتے ہیں۔ آپ اپنی زندگی جیتے ہیں اور ہم سب کبھی نہ کبھی ایک دوسرے کے سامنے ہوتے ہیں۔ لہٰذا میرے نقطہ نظر سے میں ایک بالغ ہوں، وہ ایک بالغ ہیں۔ اگر ہم ملیں تو ایک دوسرے کو بہترین خواہشات پیش کریں۔ ویسے بھی میں اُس پورے معاملے کو اہمیت نہیں دیتا۔ ‘‘ واضح رہے کہ مچیل جانسن چینل۔ ۷؍ کا حصہ ہیں اور وارنر نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد فاکس کرکٹ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ 
جانسن اور وارنر میں کشیدگی کیسے شروع ہوئی؟
  مچیل جانسن نے اپنے کالم میں ڈیوڈ وارنر پر ۲۰۱۷ءکے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں اپنا کردار تسلیم نہ کرنے کا الزام لگایا تھا اور سوال اٹھایا تھا کہ آسٹریلوی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل میں سے ایک کے کھلاڑی کو اپنے ریٹائرمنٹ کی تاریخ کا انتخاب کرنے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے۔ جانسن نے وارنر کے خراب ٹیسٹ اوسط پر حملہ کیا تھا اور کہا تھاکہ ان کے آخری ۲؍ سال کے اعداد و شمار ایک ٹیل اینڈر بلے باز سے ملتے جلتے ہیں۔ 
اب ہم کمنٹری باکس میں ہیں 
 سابق تیز گیند باز مچیل جانسن نے کہا کہ اب ہمارے درمیان کسی قسم کی کشیدگی نہ رہے تو بہتر ہے کیونکہ وہ تبصرہ کرنے والے کمنٹری باکس کا حصہ ہیں۔ ہم ایکسپرٹ کمنٹ فراہم کرنے کے لئے ہیں۔ میں نے یہ بھی ذکر کیا ہے کہ ان کے ذریعے کئے گئے تجزیہ سے میں متفق ہوں۔ وہ ہمیشہ ان کرداروں میں سے ایک رہیں گے جو زیادہ مشکل ہو جاتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ایک تبصرہ نگار کے طور پر، آپ چاہتے ہیں کہ لوگ رائے دیں ۔ وہ اب ایک سابق کھلاڑی ہیں، وہ تبصرہ کرنے والے کمنٹری باکس میں ہیں جیسے دوسرے لوگ ہوں گے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ بھی اپنی بہترین رائے رکھ سکیں گے۔ 
 یاد رہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ۲۲؍نومبر کو پرتھ کے اوپٹس اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ مچیل جانسن نے ہندوستان کے خلاف آسٹریلیائی ٹیم کو مضبوط قرار دیا۔ انہوں نے ٹیم کےکھلاڑیوں کو ملنے والے آرام او ر تجربہ کار گیندبازی اٹیک کی تعریف کی۔ 
  انہوں نے کہا’’آسٹریلیا کے پاس گیندبازی کے شعبہ میں کافی تجربہ نظر آرہا ہے۔ وہ پرتھ کی وکٹ کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ ٹیم نے وہاں کھیلا بھی ہے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ گزشتہ سیریز میں آسٹریلیائی گیندبازی شاید اتنی اچھی نہیں تھی لیکن اس بار بولنگ لائن اپ کافی بہتر اور تجربہ کار نظر آرہی ہے اور انہیں سیریز سے قبل کافی آرام بھی ملا ہے اس لئے مجھے لگتا ہے کہ وہ ہندوستان کیخلاف ہمارے گیندباز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK