• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

محمد امان کی سنچری، انڈر ۱۹؍ ایشیا کپ میں ٹیم انڈیا کی شاندار کامیابی

Updated: December 03, 2024, 11:50 AM IST | Agency | Sharjah

ہندوستانی ٹیم نے جاپان کو ۲۱۱؍رن سے شکست دے دی۔ آیوش مہاترے اور پی کارتیکیا کی نصف سنچری۔

Mohamed Amaan. Picture: INN
محمد امان۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان نے کپتان محمد امان (ناٹ آؤٹ۱۲۲؍رن) کی سنچری، آیوش مہاترے (ناٹ آؤٹ۵۴؍رن) اور پی کارتیکیا (۵۷؍رن) کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پیر کو انڈر۱۹؍ ایشیا کپ کے ۸؍ویں میچ میں جاپان کو۲۱۱؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے ۲؍ میچوں میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ دو پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے۔ 
 ۳۴۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آنے والی جاپانی ٹیم کا آغاز سست رہا۔ ہیوگو کیلی اور نہار پرمار کی اوپننگ جوڑی نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے۵۰؍ رن جوڑے۔ ۱۴؍ویں اوور میں ہاردک راج نے نہار پرمار (۱۴؍رن) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کپتان کوجی آبے (صفر) کو کے پی کارتیکیا نے بولڈ کر کے ہندوستان کے دوسرے وکٹ حاصل کیا۔ کازوما کاٹو- اسٹافورڈ ۸؍ رن پر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک راج نے۳۳؍ویں اوور میں ہیوگو کیلی کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو بڑی کامیابی دلائی۔ کیلی نے۱۱۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے لگا کر۵۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد چارلس ہنج کے علاوہ کوئی بھی جاپانی بلے باز ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر تک نہ چل سکا۔ چارلس ہنز نے۶۸؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۵؍رن بنائے۔ ٹموتھی مور ایک، آدتیہ پھڈکے ۹؍رن اور کے وائی لیک ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جاپانی ٹیم مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر صرف۱۲۸؍ رن بنا سکی اور ۲۱۱؍رن سے میچ ہار گئی۔ 
 ہندوستان کی جانب سے چیتن شرما، ہاردک راج اور کے پی کارتیکیا نے۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ یودھجیت گوہا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
 اس سے قبل کپتان محمد امان کی سنچری (ناٹ آؤٹ۱۲۲؍رن)، آیوش مہاترے (۵۴) اور کے پی کارتیکیا (۵۷) کی نصف سنچریوں کی بنیاد پر ہندوستان نے انڈر۱۹؍ ایشیا کپ کے آٹھویں میچ میں جاپان کو جیت کے لیے پیر کو۳۴۰؍ رنز کا ہدف دیا۔ شارجہ میں جاپان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آتے ہوئے آیوش مہاترے اور ویبھو سوریاونشی کی ہندوستان کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلا وکٹ کے لیے۶۵؍ رن جوڑے۔ آٹھویں اوور میں چارلس ہنزے نے ویبھو سوریاونشی (۲۳) کو آؤٹ کر کے جاپان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ۱۱؍ویں اوور میں آر تیواری نے آیوش مہاترے (۵۰) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ آندرے سدھارتھ ۳۷، نکھل کمار ۱۲، ہرونش پنگالیا ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کے پی کارتیکیا نے ۴۹؍ گیندوں میں ۵؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۷؍رن بنائے۔ کپتان محمد امان نے۱۱۸؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ ۱۲۲؍ رن بنائے۔ ہاردک راج نے۱۲؍ گیندوں میں ایک چوکا اور ۲؍ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۲۵؍رن کی اننگز کھیلی۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ ۵۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹوں پر ۳۳۹؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ جاپان کی جانب سے کے وائی لیک اور ہیوگو کیلی نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK