عالمی کپ کرکٹ میں اپنی گیند بازی سے تباہی مچانے والے ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع کو نومبر ۲۰۲۳ءکیلئے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزد کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 08, 2023, 11:41 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi
عالمی کپ کرکٹ میں اپنی گیند بازی سے تباہی مچانے والے ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع کو نومبر ۲۰۲۳ءکیلئے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزد کیا گیا ہے۔
عالمی کپ کرکٹ میں اپنی گیند بازی سے تباہی مچانے والے ہندوستانی تیز گیندباز محمد سمیع کو نومبر ۲۰۲۳ءکیلئے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ نامزد کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ آسٹریلیا کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ۲؍ رکن گلین میکسویل اور ٹریوس ہیڈ بھی اس دوڑ میں شامل ہیں ۔ محمد سمیع ون ڈے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز تھے۔ انہوں عالمی کپ میں صرف ۷؍ اننگز میں ۲۴؍ وکٹیں اپنے نام کی تھیں ۔ انہوں نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ۱۸؍ رنوں کے عوض ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ اسی گراؤنڈ پر سیمی فائنل میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ۵۷؍ رن دے کر ۷؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے فائنل میں بھی ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔
دریں اثناء ٹریوس ہیڈ نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور پھر فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو عالمی چمپئن بنانے میں بڑا کردار ادا کیا۔ اس سال نومبر میں انہوں نے ۵؍ ون ڈے میچوں میں ۴۴؍کے اوسط سے ۲۲۰؍رن بنائے تھے جس میں ایک نصف سنچری اور ایک سنچری شامل تھی۔ فائنل میں انہوں نے ۱۲۰؍ گیندوں پر ۱۳۷؍رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ میکسویل نے نومبر میں ۳؍ ون ڈے میچوں میں ۱۵۲ء۲۳؍کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ۲۰۴؍رن بنائے جبکہ ۲؍ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ ہندوستان کے خلاف سیریز میں ۲؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں میں انہوں نے ۲۰۷ء۱۴؍کے متاثر کن اسٹرائیک ریٹ سے ۱۱۶؍رن بنائے جبکہ انہوں نے اکیلے ہی ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف فتح دلائی تھی۔