• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

محمد سمیع اور سوریہ کمار یادو کو ایوارڈ سے نوازا گیا

Updated: February 21, 2024, 11:01 AM IST | Agency | New Delhi

ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈ پر ہندوستانی اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں کادبدبہ۔

Mohammed Shami. Photo: INN
محمد سمیع۔ تصویر : آئی این این

ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈز کے ۱۷؍ویں ایڈیشن میں مردوں کے زمرے میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں سنچری بنانے والے ٹریوس ہیڈ کو مردوں زمرے میں بہترین ٹیسٹ بلے باز کا ایوارڈ ملا ہے۔ تاہم ہیڈ یکروزہ زمرے میں یہ اعزاز حاصل نہ کر سکے، اس حقیقت کے باوجود کہ انہوں نے گزشتہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں سنچری بنائی تھی۔ یکروزہ زمرے میں بہترین بلے باز کا یہ اعزاز ان کے ہم وطن گلین میکسویل کو ملا جنہوں نے عالمی کپ میں افغانستان کے خلاف ڈبل سنچری بنا کر آسٹریلیا کو سیمی فائنل تک پہنچایا تھا۔ 
مردوں کے ون ڈے میں بہترین گیند بازی کا ایوارڈ ہندوستان کے محمد سمیع کو ملا۔ واضح رہے کہ سمیع نے یکروزہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۷؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سمیع کی اسی کارکردگی کی بدولت ہندوستان فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔ پچھلی دہائی میں گھر پر ہندوستان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ ہندوستان نے ۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۳ءتک گھر پر کھیلے گئے ۴۶؍ٹیسٹ میں سے صرف ۳؍ میں شکست کھائی تھی۔ اس میں ایک شکست ناتھن لیون کی وجہ سے ہندوستان کو ملی تھی۔ یاد رہے کہ اندور ٹیسٹ میں ناتھن لیون نے آسٹریلیا کی ۹؍ وکٹوں سے جیت میں ۸؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسی کارکردگی کیلئے ناتھن کو ٹیسٹ میں بہترین گیندباز کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ 
 آسٹریلیا کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ اور ون ڈے ورلڈ کپ خطاب جتانے میں اہم رول ادا کرنے والے پیٹ کمنز کو بہترین کپتان منتخب کیا گیا ہے۔ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا نے انگلینڈ میں ایشز میں برابری حاصل کی تھی جبکہ پاکستان کو گھر پر بری طرح سے روند ڈالا تھا۔ دریں اثناء ٹیم انڈیا کے سوریہ کمار یادیو کو مسلسل دوسرے سال بہترین ٹی۔ ۲۰؍ بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس بار انہیں یہ اعزاز سری لنکا کے خلاف راجکوٹ میں ۲۲۰؍کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلی گئی ۱۱۲؍رنوں کی اننگز کے لئے دیا گیا۔ دوسری جانب جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵؍ وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف کو بہترین ٹی۔ ۲۰؍ بولر قرار دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK