• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

محمد سمیع کی مسابقتی کرکٹ میں واپسی ملتوی، رنجی ٹرافی نہیں کھیلیں گے

Updated: November 05, 2024, 11:20 AM IST | Bengaluru

ٹیم ا نڈیا کے تیز گیندباز کو رنجی ٹرافی کے اگلے ۲؍راؤنڈس کیلئے بنگال کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ تیز گیندبازسمیع کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی امید تھی اور انہوں نے مشق بھی کی تھی۔

Mohammad Shami Photo: INN.
محمد سمیع۔ تصویر: آئی این این۔

ٹیم انڈیا کے تیز گیندبازمحمد سمیع کی مسابقتی کرکٹ میں واپسی میں تاخیر ہوگی کیونکہ تجربہ کار تیز گیند باز کو کرناٹک اور مدھیہ پردیش کے خلاف رنجی ٹرافی میچوں کے اگلے ۲؍ راؤنڈس کے لئے بنگال کی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بنگال کی رنجی ٹیم بدھ سے یہاں کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کرناٹک سے مقابلہ کرے گا اور وہ۱۳؍ نومبر ۲۰۲۴ءسے اندور میں مدھیہ پردیش کے خلاف کھیلے گی۔ 
گیندبازمحمد سمیع سے کرناٹک کے خلاف میچ میں کھیلنے کی امید تھی تاکہ وہ حقیقی میچ کے حالات میں اپنی فٹنیس کو جانچ سکیں۔ حال ہی میں بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کے ٹیسٹ میچ کے بعد، انہوں نے نیٹ میں پوری قوت کے ساتھ گیند بازی کی، حالانکہ اس دوران ان کے پیر پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ اس دوران ہندوستان کے بولنگ کوچ مورنے مورکل ان پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ محمد سمیع نے بعد میں ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران کہا تھا کہ وہ نیٹ پر ۱۰۰؍ فیصد فٹ محسوس کر رہے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا تھاکہ `میں آدھے رن اپ کے ساتھ بولنگ کر رہا تھا کیونکہ میں اپنے جسم پر زیادہ دباؤ نہیں ڈال سکتا۔ لہٰذاہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میں صحیح بولنگ کروں گا اور میں نے اپنا ۱۰۰؍ فیصد دیا۔ بہت اچھا محسوس ہوا اور نتائج اچھے ہیں۔ امید ہے کہ میں جلد ہی واپس آ جاؤں گا۔ محمد سمیع کی غیرموجودگی میں بنگال کی ٹیم پہلے ہی جدوجہد کررہی ہے۔ اس کے نوجوان تیز گیندبازوں کو ان کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم میں بھی ان کی کمی محسوس کی جارہی ہے۔ نیوزی لینڈ سے شرمناک شکست کے بعدٹیم انڈیا میں انہیں بہت یاد کیاجارہا ہے۔ محمد سمیع کے علاوہ بنگال کو اوپنر ابھیمنیو ایشورن، وکٹ کیپر بلے باز ابھیشیک پوریل اور تیز گیند باز مکیش کمار کی کمی محسوس ہوگی جو آسٹریلیا میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل تیز گیندباز آکاش دیپ کو بھی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا ہے تاہم موجودہ ڈومیسٹک سیزن کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز ردھیمان ساہا کو ۲؍ میچوں کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ردھیمان ساہا رنجی ٹرافی کے اس سیزن کے بعد کرکٹ کو الوداع کہنے والے ہیں اور انہوں نے یہ اعلان کیاہے۔ 
بنگال کی ٹیم اس طرح ہے: انستوپ مجمدار (کپتان)، ردھیمان ساہا، سدیپ چٹرجی، سدیپ گھرامی، شہباز احمد، ہریتھک چٹرجی، ایولین گھوش، شوام ڈے، شاکر حبیب گاندھی، پردیپت پرمانک، عامر غنی، ایشان پوریل، سورج سندھو، سورج جائس، محمد کیف، روہت کمار اور رشو وویک۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK