چمپئن ٹرافی میں ہندوستانی تیز گیند باز ریکارڈ بناتے ہوئے سب سے تیز ۲۰۰؍ وکٹ لینے والے دوسرے گیند باز بنے۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 1:33 PM IST | Agency | Dubai
چمپئن ٹرافی میں ہندوستانی تیز گیند باز ریکارڈ بناتے ہوئے سب سے تیز ۲۰۰؍ وکٹ لینے والے دوسرے گیند باز بنے۔
ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمدسمیع بنگلہ دیش کے خلاف چمپئن ٹرافی کے میچ میں سب سے کم ون ڈے میچوں میں ۲۰۰؍ وکٹ لینے والے دوسرے گیند باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں پاکستان کے سابق بولر ثقلین مشتاق اور نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تاہم وہ آسٹریلیا کے تیز گیند باز مشیل اسٹارک سے فہرست میں پیچھے ہیں۔جمعرات کو انہو ں نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے ۱۰؍ اوور میں ۵۳؍ رن دے کر ۵؍وکٹ لئے تھے۔ خیال رہے کہ ثقلین مشتاق نے بھی ۱۰۴؍ میچوں میں ۲۰۰؍ وکٹ مکمل کئے تھے۔
اس کے ساتھ ہی جہاں تک گیندوں کے معاملے میں ۲۰۰؍ وکٹ لینے کا تعلق ہے، محمد سمیع نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور وہ سب سے کم گیندوں پر۲۰۰؍ ون ڈے وکٹ لینے والے پہلے گیند باز بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں بھی مشیل اسٹارک پہلے نمبر پر تھے۔ یہی نہیں، محمد سمیع آئی سی سی کے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
وہ کھلاڑی جنہوں نے ایک روزہ میچوں میں کم سے کم ۲۰۰؍ وکٹ لئے ان میں مشیل اسٹارک (۱۰۲؍میچ)، محمد سمیع (۱۰۴)، ثقلین مشتاق (۱۰۴؍میچ)، ٹرینٹ بولٹ (۱۰۷)، بریٹ لی (۱۱۲) اور ایلن ڈونالڈ (۱۱۷؍میچ) شامل ہیں۔
روہت شرما کے ۱۱؍ہزار رن مکمل
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما بنگلہ دیش کے خلاف چمپئن ٹرافی کے میچ کے دوران تیز ترین۱۱؍ ہزار ون ڈے رن بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ ایک چوکا لگا کر مکمل کیا۔ روہت نے سب سے کم اننگز میں ۱۱؍ہزار ون ڈے رن بنانے کے معاملے میں سچن تینڈولکر، رکی پونٹنگ اور سورو گنگولی جیسے لیجنڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے تاہم ون ڈے میں سب سے تیز ۱۱؍ ہزار رن بنانے والے کھلاڑی وراٹ کوہلی ہیں جنہوں نے روہت سے کم اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔ روہت شرما نے۱۶۱؍ اننگز میں۱۱؍ہزار ون ڈے رن بنائے جبکہ سچن نے۱۷۶؍ اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا۔
محمد سمیع کی قاتلانہ گیندبازی
محمد سمیع (۵؍ وکٹ) اور ہرشیت رانا (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے چمپئن ٹرافی کے دوسرے میچ میں جمعرات کو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو ۴۹ء۴؍ اوور میں۲۲۸؍ رن کے اسکور تک محدود کر دیا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک ہندوستان نے ۳۱؍ویں اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۱۴۴؍رن بنالئے تھے۔ جمعرات کو بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے بنگلہ دیش کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ۳۵؍رن کے اسکور پر اس کے ۵؍وکٹ۔ یہ پانچ بلے باز محمد سمیع، اکشر پٹیل اور ہرشیت رانا کی تیز گیند بازی کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔ ایسے بحران کے وقت محمد توحید ہردوئے اور ذاکر علی کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا۔ ذاکر علی نے ۶۸؍رن بنائے اور انہیں محمد سمیع نے آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیشی محمد توحید ہردوئے نے ۱۱۸؍ گیندوں پر۱۰۰؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۶؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔