ہندوستان کو بھلے ہی بارڈر گاوسکر ٹرافی سیریز میں۱۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن تجربہ کار فاسٹ بولر محمد سراج ۱۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: January 07, 2025, 12:57 PM IST | Agency | Sydney
ہندوستان کو بھلے ہی بارڈر گاوسکر ٹرافی سیریز میں۱۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن تجربہ کار فاسٹ بولر محمد سراج ۱۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔
ہندوستان کو بھلے ہی بارڈر گاوسکر ٹرافی سیریز میں۱۔۳؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو لیکن تجربہ کار فاسٹ بولر محمد سراج ۱۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ کے کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔ سراج نے سیٹ بلے باز عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ فارمیٹ میں اپنی ۱۰۰؍ویں وکٹ حاصل کر کے اس خصوصی کلب میں داخلہ حاصل کرلیا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے ہندوستان کے۲۳؍ ویں کھلاڑی بن گئے۔ روی چندرن اشون، جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجا کے بعد سراج عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ میں۱۰۰؍ وکٹ لینے والے ہندوستان کے نئے کھلاڑی بن گئے۔
بمراہ کی غیر موجودگی میں سراج نے حملے کی قیادت کی اور پرسدھ کرشنا کے ساتھ مل کر بولنگ کی۔ ہندوستانی ٹیم سے شاندار آغاز کی توقع تھی، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا۔ اس دباؤ نے سراج کے دماغ کو متاثر کیا اور بالآخر اس پر قابو پالیا۔ وہ اپنی لائن اور لینتھ بھول گئے اور ابتدائی اوور میں ۱۳؍ رن دیئے۔ ان کی مایوس کن کارکردگی نے ہندوستان کے سیریز بچانے اور ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے امکانات کو مدد نہیں دی۔ اس سیریز میں انہوں نے ناقص بولنگ کی۔
پہلی اننگز میں، انہوں نے اپنے۱۶؍ اوور کے اسپیل میں۵۱؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ لیکن دوسری اننگز میں ۳۰؍ سالہ کھلاڑی پہلی اننگز میں اپنی کارکردگی کو دُہرانے میں ناکام رہے اور اپنے۱۲؍ اوور کے اسپیل میں ۶۹؍ رن دیتے ہوئے ایک ہی وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ۶؍ وکٹوں کی شکست سے ۴۵؍ دنوں کی سنسنی خیز کرکٹ سیریز ختم ہو گئی۔ بارڈر گاوسکر ٹرافی (بی جی ٹی ) نے آسٹریلیا میں سیریز ۱۔۳؍ سے جیت لی۔
محمد سراج نے ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا اختتام ۳۱ء۱۵؍ کے اوسط اور۳ء۹۶؍ کی اکنامی سے۲۰؍ وکٹ کے ساتھ کیا۔ وہ دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے چوتھے بولر تھے۔ مجموعی طور پر سراج۳۶؍ ٹیسٹ اور۶۷؍ اننگز میں ۳۰ء۷۴؍ کے اوسط اور ۳ء ۴۷؍ کی اکنامی سے۱۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔ ہندوستان بالآخر ۱۔۳؍ سے ہار گیا اور۱۰؍برسوں میں پہلی بار بی جی ٹی میں ہارا۔ سڈنی میں ۶؍ وکٹوں کی شکست کے ساتھ ہندوستان کے مسلسل تیسری بار ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہو گئے۔ آسٹریلیا اب۱۱؍ جون ۲۰۲۵ءکو لارڈس میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔
دوسری طرف ہندوستانی کوچ گوتم گمبھیر نے کہا کہ جسپریت بمراہ کی چوٹ کی شدت کا اندازہ لگانا ابھی قبل از وقت ہے۔ فی الحال میڈیکل ٹیم بمراہ پر کام کر رہی ہے۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا۔ انہوں نے ٹیم کی اچھی قیادت کی، کئی اوورس کروائے اور جب بھی وہ بولنگ کرنے گئے تو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جب بمراہ دوسری اننگز میں گیند کرنے کے لیے باہر نہیں آئے تو اتوار کو محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے حملے کی قیادت کی۔ اگرچہ ان کی کارکردگی اچھی تھی یہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے کافی نہیں تھی۔ ہندوستان کوآسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی کچھ مثبت چیزیں ملی ہیں۔