• Sun, 02 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی کی میگھالیہ پر ۴۵۶؍ رن سے بڑی جیت

Updated: February 01, 2025, 10:13 PM IST | Mumbai

سدیش لاڈ، آکاش آنند اور شمس ملانی کی سنچری، کپتان اجنکیارہانے کی نصف سنچری

Akash Anand.Photo:PTI
آکاش آنندبلے بازی کرتے ہوئے۔(تصویر:پی ٹی آئی)

 سدیش لاڈ(۱۴۵؍رن)، آکاش آنند(۱۰۳؍رن) ، شمس ملانی(۱۱۰؍رن)  اور کپتان اجنکیا رہانے (۹۶؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد شاردُل ٹھاکر (۸؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ممبئی نے سنیچر کو رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے مقابلے میں میگھالیہ پر ۴۵۶؍ رن   سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ 
 میگھالیہ نے جمعہ کو  دوسری اننگز میں دو وکٹ پر ۲۷؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ شاردُل ٹھاکر نے ارپت بھٹیوارا(۶؍رن) کو آؤٹ کرکے ممبئی کو تیسری کامیابی دلائی۔ کشن لنگڈوہ (۳۹؍رن) کو بھی شاردُل نے آؤٹ کیا۔ ممبئی کے بولنگ اٹیک کے خلاف میگھالیہ کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک ٹک نہیں سکا۔ سمیت کمار(۱۳)، بالاچندر انیرودھ(۲۴؍رن) ، جسکیرت سنگھ (۱۵) ، پرنگسانگ سنگما ، کپتان آکاش چودھری (صفر) اور انیش چرک۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ میگھالیہ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں ۳۰ء۱؍اوور میں۱۲۹؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
  ممبئی کی جانب سے شاردُل ٹھاکر اور تنوش کوٹیان نے ۴۔۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ شمس ملانی اور ایس ڈی سوزا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں بلے بازی کرنے آئی میگھالیہ کو ممبئی کے گیند بازوں نے۸۶؍ رن پر ڈھیر کردیا تھا۔ اس کے بعد ممبئی نے اپنی پہلی اننگز۷؍ وکٹ گنوا کر ۶۷۱؍  رن ڈکلیئر کردی تھی۔
دہلی نے ریلوے کو اننگز اور۱۹؍ رن سے شکست دی
 کپتان آیوش بدونی (۹۹؍ رن)   اور سمیت ماتھر (۸۶؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد شیوم شرما (۵؍ وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بل بوتے پر دہلی نے تیسرے دن ریلوے کو رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ ڈی کے میچ میں ایک اننگز اور۱۹؍ رن  سے شکست دی۔  سنیچر کو دہلی نے ۷؍ وکٹ پر۳۳۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ریلوے کے گیند بازوں نے جمعہ کو دہلی کی اننگز کو ۳۷۴؍رن تک محدود کر دیا۔ دن کا  پہلا وکٹ سدھانت شرما(۱۸) کی صورت میں گرا۔ سمیت ماتھر(۸۶) کو ہمانشو سنگوان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد سنگوان نے منی گریوال (صفر) کو آؤٹ کر کے دہلی کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کو ۱۳۳؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ ریلوے کی جانب سے ہمانشو سنگوان نے ۴؍ وکٹ  حاصل کئے۔ کنال یادو نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ راہل شرما، ایان چودھری اور کرن شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 اس کے بعد دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے آئی ریلوے کی شروعات خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں کپتان سورج آہوجا (ایک) کا وکٹ گنوا بیٹھا۔ انہیں سدھانت شرما نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شیوم شرما نے وویک سنگھ (۱۲) اور محمد سیف (۳۱) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ بھارگو میرائی (ایک) کو نودیپ سینی نے بولڈ کیا۔ اوپیندر یادو  ۱۹، کرن شرما ۱۶، ہمانشو سنگوان   ایک  اور راہل شرما۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کنال یادو  (صفر) کو آؤٹ کرکے آیوش بدونی نے ریلوے کی اننگز  ۱۱۴؍رن کے اسکور پر سمیٹ دی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی نے یہ میچ اننگز اور۱۹؍ رن سے جیت لیا۔  دہلی کی طرف سے شیوم شرما نے۳۳؍ رن پر ۵؍ وکٹ لئے۔ نودیپ سینی، سدھانت شرما اور منی گریوال نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔  ریلوے نے پہلی اننگز میں ۲۴۱؍ رن بنائے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK