سرفراز خان پلیئر آف دی میچ ۔ممبئی نے ۱۵؍ویں مرتبہ خطاب جیت لیا
EPAPER
Updated: October 05, 2024, 9:17 PM IST | Lucknow
سرفراز خان پلیئر آف دی میچ ۔ممبئی نے ۱۵؍ویں مرتبہ خطاب جیت لیا
ممبئی نے پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی کے دم پر ۲۷؍ سال بعد ایرانی ٹرافی کا خطاب جیت لیا ہے۔ ۲۲۲؍ رن کی شاندار اننگز کھیلنے والے ممبئی کے بلے باز سرفراز خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پہلے بلے بازی کا انتخاب کرتے ہوئے ممبئی ۳۷؍رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں پڑگئی۔ تاہم، اجنکیا رہانے اور شریس ایّر کے درمیان مضبوط شراکت نے اننگز کو سنبھال لیا۔ سرفراز خان کی۲۲۲؍ رن کی اننگز کی بدولت ممبئی نے۵۳۷؍ رن کا بڑا اسکور بنایا۔ جواب میں ریسٹ آف انڈیا کی طرف سے سب سے بڑی اننگز ابھیمنیو ایشورن (۱۹۱؍رن) اور دھرو جورل (۹۳؍رن) نے کھیلی تاہم ٹیم۴۱۶؍رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ جب ممبئی نے دوسری اننگز میں ۸؍ وکٹ پر۳۲۹؍ رن بنائے تھے تو دونوں کپتانوں نے میچ ڈرا کرنے پر اتفاق کیا۔ ممبئی کے نوجوان آل راؤنڈر تنوش کوٹیان نے سنیچر کو اپنے جمعہ کے۲۰؍ رن کے اسکور سے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا۔ جب وہ ۸؍ویں نمبر پر بلے بازی کرنے آئے تو ممبئی۱۲۵؍ رن کے اسکور پر ۶؍ وکٹ گنوا چکی تھی۔
پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے سرفراز خان دوسری اننگز میں ناکام رہے اور سرنش جین نے انہیں ۱۷؍ رن پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد شاردول ٹھاکر (۲) بھی سرنش جین کا نشانہ بنے۔ ۸؍وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ کیلئے آئے موہت اوستھی نے تنوش کا بہت اچھا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے ۹؍ویں وکٹ کے لئے ریکارڈ ۱۵۸؍ رن جوڑے۔ موہت اوستھی نے۹۳؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ۵۱؍رن بنائے۔
ریسٹ آف انڈیا کی جانب سے سارنش جین نے ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ مانو ستھار نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ایرانی ٹرافی میں صرف ایک میچ کھیلا جاتاہے۔ ضابطے کے مطابق اگر میچ ڈرا ہو جاتا ہے تو فاتح کا فیصلہ پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ایسے میں پہلی اننگز کے بعد جس ٹیم کو برتری حاصل ہو اسے چمپئن قرار دیا جاتا ہے۔