دو بار کے چمپئن تمل ناڈو کو اننگز اور۷۰؍ رن سے شکست دی۔ شاردُل ٹھاکر پلیئر آف دی میچ۔ شمس ملانی نے ۴؍وکٹ لئے
EPAPER
Updated: March 04, 2024, 9:45 PM IST | Mumbai
دو بار کے چمپئن تمل ناڈو کو اننگز اور۷۰؍ رن سے شکست دی۔ شاردُل ٹھاکر پلیئر آف دی میچ۔ شمس ملانی نے ۴؍وکٹ لئے
پیر کو رنجی ٹرافی کے اس سیزن کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ممبئی نے تمل ناڈو کو اننگز اور۷۰؍ رن سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ممبئی۴۸؍ویں بار فائنل میں پہنچی۔ اس سے قبل ممبئی۴۱؍ بار چمپئن اور ۶؍ بار رنر اپ رہی تھی۔ ٹیم نے آخری مرتبہ۲۰۱۶ء میں خطاب جیتا تھا۔ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر شاردُل ٹھاکر نے میچ میں سنچری بنائی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پہلی اننگز میں ۲؍ اور دوسری اننگز میں بھی اتنے ہی وکٹ حاصل کئے تھے۔ انہیں اس شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔
ممبئی اور تمل ناڈو کے درمیان دوسرا سیمی فائنل ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں کھیلا گیا۔ سنیچر کو تمل ناڈو کی ٹیم نے ممبئی کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ممبئی کی شاندار گیند بازی کے سامنے تمل ناڈو پہلی اننگز میں۱۴۶؍ رن پر سمٹ گئی۔ جواب میں ممبئی نے پہلی اننگز میں۳۷۸؍ رن بنائے جبکہ تمل ناڈو کی ٹیم دوسری اننگز میں۱۶۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح ممبئی نے اننگز اور۷۰؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔
ممبئی کی شاندار گیند بازی کے سامنے تمل ناڈو کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف ۱۴۶؍ رن بنا سکی۔ تمل ناڈو کی جانب سے وجے شنکر ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے ۴۴؍ رن بنائے جبکہ واشنگٹن سندر نے۴۳؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ممبئی کی جانب سے تشار دیش پانڈے نے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ شاردُل ٹھاکر، مشیر خان اور تنوش کوٹیان نے۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ موہت اوستھی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ممبئی نے پہلی اننگز میں۳۷۸؍ رن بنائے۔ شاردُل ٹھاکر نے ٹیم کیلئے سنچری بنائی۔۹؍ ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے شاردُل نے۱۰۵؍ گیندوں پر ۱۰۹؍رن بنائے۔ ان کے علاوہ سرفراز خان کے چھوٹے بھائی مشیر خان ۵۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تمل ناڈو کی جانب سے کپتان سائی کشور نے ۶؍وکٹ حاصل کئے۔ کلدیپ سین نے ۲؍وکٹ حاصل کئے ۔ سندیپ واریئر اور واشنگٹن سندر نے ۱۔۱؍ وکٹ حاصل کئے۔
تمل ناڈو کی ٹیم میچ کے تیسرے دن دوسری اننگز میں۱۶۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں تمل ناڈو کےلئے بابا اندرجیت نے سب سے زیادہ ۷۰؍ رن بنائے۔ ممبئی کی طرف سے شمس ملانی نے سب سے زیادہ ۴؍ وکٹ لئے۔ تنوش کوٹیان، شاردُل ٹھاکر اور موہت اوستھی نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔فائنل میں ممبئی کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل مدھیہ پردیش اور ودربھ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔