ہیلی میتھیوز کی آل راؤنڈ کارکردگی۔ نصف سنچری بنائی اور ۳؍وکٹ بھی لئے۔ ممبئی نے فائنل میں جگہ بنائی
EPAPER
Updated: March 14, 2025, 9:19 PM IST | Mumbai
ہیلی میتھیوز کی آل راؤنڈ کارکردگی۔ نصف سنچری بنائی اور ۳؍وکٹ بھی لئے۔ ممبئی نے فائنل میں جگہ بنائی
ہیلی میتھیوز (۷۷؍ رن/۳؍ وکٹ)، نیٹ سیور برنٹ (۷۷/ایک وکٹ)کی آل راونڈر کارکردگی اور یاستیکا بھاٹیہ کی شاندار فیلڈنگ کی بدولت ممبئی انڈینس نے ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل)کے ایلیمنیٹر مقابلے میں گجرات جائنٹس کو۴۷؍ رن سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جہاں اس کا مقابلہ دہلی کیپٹلس سے ہوگا۔
۲۱۴؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں، گجرات جائنٹس کی شروعات خراب رہی اوراس نے ۴۳؍رن کے اسکور پر ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ شبنم اسماعیل نے پہلے ہی اوور میں بیتھ مونی (چھکے) کا وکٹ حاصل کیا۔ اس کے بعد ہرلین دیول ۸؍رن آؤٹ ہوئیں۔ کپتان ایشلے گارڈنر (۸؍رن) کو ہیلی میتھیوز نے بولڈ کیا۔ گجرات نے اپنا چوتھا وکٹ۱۰؍ویں اوور میں ڈینیئل گبسن (۳۴؍رن) کی صورت میں کھو دیا۔ اس کے بعد فیبی لیچ فیلڈ اور بھارتی پھولمالی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ لیچ فیلڈ (۳۱؍رن) اور بھارتی۳۰؍ رن بناکر آؤٹ ہوئی۔ کاشوی گوتم (۴؍ رن) کو بھاٹیہ نے رن آؤٹ کیا۔ آج کے میچ میں یاستیکا بھاٹیہ نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممبئی انڈینس کے ۳؍ بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔ گجرات نے اپنا آٹھواں وکٹ ۱۸؍ویں اوور میں سمرن شیخ (۱۷؍رن) کی شکل میں گنوایا۔ تنوجا کنور (۱۶؍رن) کو۱۹؍ویں اوور میں نیٹ سیور برنٹ نے آؤٹ کیا۔ ہیلی میتھیوز نے۲۰؍ ویں اوور کی دوسری گیند پر میگھنا سنگھ (۵؍رن) کو آؤٹ کر کے گجرات جائنٹس کی اننگز۱۶۶؍رن پر سمیٹ دی اور اپنی ٹیم کو۴۷؍ رن سے جیت سے ہمکنار کیا اور ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ دلائی۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے ہیلی میتھیوز نے ۳؍ اور امیلیا کیر نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ شبنم اسماعیل اور نیٹ سیور برنٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گجرات جائنٹس کے کپتان ایشلے گارڈنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کا انتخاب کرتے ہوئے، ممبئی انڈینس کی شروعات اچھی نہیں تھی کیونکہ انہوں نے اپنا پہلا وکٹ یاستیکا بھاٹیہ(۱۵؍رن) ۲۶؍رن کے اسکور پر گنوا دیا۔ اس کے بعد نیٹ سیور برنٹ بلے بازی کے لئے آئیں اورہیلی میتھیوز کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۱۳۳؍رن کی شراکت ہوئی۔ کاشوی گوتم نے۱۷؍ویں اوور میں ہیلی میتھیوز کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ ہیلی میتھیوز نے۵۰ ؍ گیندوں پر ۱۰؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۷۷؍ رن بنائے۔۱۹؍ویں اوور میں ڈینیل گبسن نے نیٹ برنٹ کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ نیٹ برنٹ نے ۴۱؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۷۷؍رن بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور ۲۰؍ویں اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئیں۔ ہرمن پریت کور نے۱۲؍ گیندوں میں۴؍چھکے اور ۲؍ چوکے لگائے۔ ممبئی انڈینس نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹوں پر۲۱۳؍ رن بنائے۔ گجرات جائنٹس کی جانب سے ڈینیل گبسن نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ کاشوی گوتم نے ایک وکٹ حاصل کیا۔