Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی انڈینس نے گھریلو میدان پر کولکاتا کو آسانی سے مات دی

Updated: April 01, 2025, 9:09 PM IST | Mumbai

اشونی کمار نے ۴؍وکٹ اور دیپک نے ۲؍وکٹ لئے۔ ممبئی انڈینس نے کو لکاتا پر ۸؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی

Ashwani Kumar.Photo:INN
اشونی کمار۔(تصویر: آئی این این)

 اشونی کمار (۴؍ وکٹ) اور دیپک چاہر (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد ریان  رکلیٹن (ناٹ آؤٹ۶۲؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کے ۱۲؍ویں میچ میں پیر کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں ممبئی کی یہ پہلی کامیابی ہے ۔
 کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے۱۱۶؍رن کے جواب میں بلے بازی کیلئے اترنے والی ممبئی انڈینز ٹیم  کی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور ریان رکلیٹن نے پہلے  وکٹ کیلئے ۴۶؍ رن جوڑے۔ رسل نے چھٹے اوور میں اس شراکت کو توڑا جب انہوں نے روہت شرما (۱۳؍ رن) کو آؤٹ کیا۔ رسل نے پھر اننگز کی اپنا دوسرا وکٹ حاصل کیا جب انہوں نے ول جیکس (۱۶؍رن) کو آؤٹ کیا۔ ممبئی نے۱۲ء۵؍ اوور میں ۲؍ وکٹ  پر ۱۲۱؍ رن بنا کر۸؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ریان رکلیٹن نے۴۱؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے۶۲؍ رن کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ سوریا کمار یادو نے ۹؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۲۷؍رن بنائے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی جانب سے آندرے رسل نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی بیٹنگ کی شروعات خراب رہی اور اس نے اپنے دونوں اوپنرس کو صرف ۲؍ رن پر گنوا دیا۔ سنیل نارائن (صفر) اور کوئنٹن ڈی کاک  ایک  رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ سنیل نارائن کو ٹرینٹ بولٹ نے بولڈ کیا جبکہ دیپک چاہر نے ڈی کاک کو اپنا شکار بنایا۔ اشونی کمار نے پھر چوتھے اوور میں کپتان اجنکیا رہانے (۱۱؍رن) کو آؤٹ کرتے ہوئے اننگز کا پہلا وکٹ حاصل کیا۔ چاہر نے وینکٹیش ایّر (۳؍رن) کو آؤٹ کرکے اپنا دوسرا وکٹ لیا۔  
 کریز پر ٹکنے کی کوشش کرنے والے انگکرش رگھوونشی(۲۶؍رن) کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد اشونی کمار نے رنکو سنگھ (۱۷)، منیش پانڈے (۱۹) اور آندرے رسل (۵) کو آؤٹ کرکے کولکاتا کی کمر توڑ دی۔ کولکاتا نے اپنا۹؍واں وکٹ ۱۵؍ویں اوور میں ہرشیت رانا (۴؍رن) کی صورت میں گنوا دیا۔ مشیل سینٹنر نے  رمندیپ سنگھ۱۲؍ گیندوں پر(۲۲؍رن) کو آؤٹ کر کے کولکاتا کی اننگز ۱۶ء۲؍ اوور میں۱۱۶؍رن  پر سمیٹ دی۔
 ممبئی انڈینس کیلئے  اشونی کمار نے ۳؍ اوورس میں۲۴؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے۔ دیپک چاہر نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ٹرینٹ بولٹ، ہاردک پانڈیا، وگنیش پوتھور اور مشیل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK