امیلیا کیر اور ہیلی میتھیوز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس کی یوپی واریئرس پر شاندار کامیابی
EPAPER
Updated: March 07, 2025, 10:18 PM IST | Lucknow
امیلیا کیر اور ہیلی میتھیوز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس کی یوپی واریئرس پر شاندار کامیابی
امیلیا کیر (۵؍ وکٹ) اور ہیلی میتھیوز (۲؍ وکٹ/۶۸؍رن) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس نے جمعرات کو ویمنز پریمیر لیگ کے۱۶؍ویں میچ میں یوپی واریئرس کو ۹؍ گیندیں باقی رہ کر ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ ۶؍ میچوں میں ممبئی انڈینس کی یہ چوتھی فتح ہے۔
ممبئی انڈینس، جو یوپی واریئرس کے۱۵۰؍ کے جواب میں بلے بازی کیلئے اتری تھی، کی شروعات اچھی نہیں تھی کیونکہ اس نے۲۴؍رن کے اسکور پر امیلیا کیر (۱۰؍رن) کو گنوا دیا۔ اس کے بعد نیٹ سکیور برنٹ بیٹنگ کیلئے آئی اور ہیلی میتھیوز کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرا وکٹ کیلئے ۹۲؍ رن کی شراکت ہوئی۔ گریس ہیرس نے۱۳؍ویں اوور میں نیٹ سکیور برنٹ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑدیا۔ نیٹ سکیور برنٹ نے۲۳؍ گیندوں پر۷؍ چوکوں کی مدد سے ۳۷؍ رن بنائے۔۱۴؍ویں اوور میں کرینتی گاڈ نے ہیلی میتھیوز کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ہیلی میتھیوز نے صرف۴۶؍ گیندوں پر ۸؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۶۸؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان ہرمن پریت کور (۴؍رن) چوتھے وکٹ پر آؤٹ ہوئیں۔۱۹؍ویں اوور کی تیسری گیند پر یاستیکا بھاٹیہ نے فاتحانہ چوکا لگا کر اسکور کو ۵؍ وکٹ پر۱۵۳؍رن تک پہنچادیا اور اپنی ٹیم کو ۶؍ وکٹ سے جیت دلائی۔ یاستیکا بھاٹیہ ۱۰؍رن اور امن جوت کور ناٹ آؤٹ ۱۲؍رن رہیں۔ یوپی واریئرس کی جانب سے گریس ہیرس نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ شنیل ہینری اور کرینتی گاڈ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے جمعرات کو ممبئی انڈینس کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آتے ہوئے، گریس ہیرس اور جارجیا وال نے پہلے وکٹ کیلئے ۷۴؍ رن بنا کر یوپی واریئرس کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ہیلی میتھیوز نے ۷؍ویں اوور میں گریس ہیرس کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد امیلیا کیر نے کرن نوگیرے (صفر) کو آؤٹ کیا۔ جارجیا وال نے۳۳؍ گیندوں پر ۱۲؍ چوکوں کی مدد سے۵۵؍ رن بنائے۔ وہ ۱۲؍ویں اوور میں نیٹ سکیور برنٹ کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد ممبئی بولنگ اٹیک کے خلاف یوپی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔ دنیش ورندا ۱۰، شنیل ہنری ۶، شویتا سہراوت صفر ، اوما چھیتری ایک اور سوفی ایکل اسٹون ۱۶؍رن آؤٹ ہوئیں۔ ممبئی انڈینس کے گیند بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوپی واریئرس کی پوری ٹیم کو مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۵۰؍ رن تک محدود کر دیا۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے امیلیا کیر نے ۵؍ جبکہ ہیلی میتھیوز نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ پارونیکا سسودیا اور نیٹ سکیور برنٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔