Inquilab Logo

ممبئی انڈینس نے چنئی سپرکنگز کو انڈین پریمیر لیگ سے باہر کردیا

Updated: May 14, 2022, 1:33 PM IST | Agency | Mumbai

کم اسکور والے میچ میں ممبئی انڈینس کی ۵؍وکٹ سے فتح۔ ڈینیل سیمس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مین آف دی میچ رہے۔ ممبئی کی گیندبازی اچھی رہی

Congratulating Mumbai Indians player Daniel Sims on taking the wicket.Picture:INN
ممبئی انڈینس کے کھلاڑی ڈینیل سیمس کو وکٹ لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی ممبئی انڈینس کی ٹیم نے اپنے گیند بازوں کی بہترین کار کردگی سے چنئی سپرکنگز کو آئی پی ایل میچ میں جمعرات کو  ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ۔ ممبئی نے چنئی کو۱۶؍ اوور میں صرف۹۷؍ رن پر آؤٹ کردیا اور پھر۱۴ء۵؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۰۳؍ رن بنا کر کامیابی حاصل کرلی ۔   ممبئی کی طرف ڈینیل سیمس نے ۱۶؍ رن دے کر۳؍ وکٹ  لئے جبکہ ریلی میریڈیتھ اور کمار کارتیکیا نے ۲۔۲؍ وکٹ  لئے۔ جسپریت بمراہ اور رمندیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ڈینیل سیمس پلیئر آف دی میچ  رہے۔   چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے۳۳؍ گیندوں پر۴؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے  ناٹ آؤٹ۳۶؍ رن بنائے۔ ڈوین براوو نے ۱۲؍ اور شیوم دوبے اور امباتی رائیڈو نے۱۰۔۱۰؍ رن بنائے ۔ پہلے ہی اوور میں ۲؍ وکٹ گرنے کے بعد چنئی کی ٹیم میچ میں واپس نہیں آ سکی۔ رابن اتھپا دوسرے اوور میں تیسرے بلے باز کے طور پر پویلین لوٹ گئے۔ دھونی اور براوو نے ۷؍ویں وکٹ کے لئے ۳۹؍رن کی شراکت کی۔ دھونی ۱۶؍ویں اوور کی آخری گیند پر رن کے لئے بھاگے جبکہ وکٹ کیپر ایشان کشن نے مکیش چودھری کو سیدھے تھرو سے آؤٹ کیا ۔ اگرچہ یہ کم اسکور والا میچ تھا، لیکن دلچسپ بڑے اسکوروالے میچ کی طرح تھا۔ گیند بہت زیادہ سوئنگ کر رہی تھی۔ پہلی اننگز ختم ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بھی جلد ختم ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا اور چنئی کے تیز گیند بازوں نے شاندارگیند بازی کی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند بازمکیش چودھری نے۲۳؍ رن  دے کر۳؍وکٹ  لئے۔ سمرنجیت سنگھ اورمعین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا ۔ ممبئی کے لئے تلک ورما نے ۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۴؍ رن کی میچ جیتنے والی اننگز کھیلی۔ ٹم ڈیوڈ نے ۷؍ گیندوں پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۶؍ رن بنائے ۔ کپتان روہت شرما اور رتیک شوکین نے۱۸۔۱۸؍ رن بنائے ۔ ڈیوڈ نے معین علی کی گیند پرچھکا لگایا ۔  چنئی کے کپتان دھونی نے جیت کا کریڈٹ ممبئی کی گیند بازی کو دیا ۔ دھونی نے میچ کے بعد کہا  ’’مجھے لگا کہ۱۳۰؍رن  سے ​ کم کا کوئی بھی اسکوراس پچ پر کم تھا ۔ میں نے اپنے گیند بازوں سے کہا کہ آپ میچ ہارنے یا جیتنے کے بارے میں نہ سوچیں اور اپنے طریقے سے گیند بازی کریں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے پاس کچھ بہترین تیز گیند بازوں کی بینچ اسٹرینتھ تھی۔ تاہم نوجوان گیند بازوں نے اچھی گیند بازی کی ۔‘‘ ایم ایس دھونی نے مزید کہا کہ انہیں تجربے کے ساتھ بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے ۔ بقیہ میچوں میں اگر یہ دونوں گیند باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو یہ اس سیزن کیلئے ہمارے مثبت پہلوؤں میں سے ایک ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں ٹیم میں جہاں بھی کمی ہے ، اس کو پورا کیا جائے۔ آج ممبئی کے گیند بازوں نے اچھی گیند بازی کی  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK