Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ممبئی انڈینس کی گجرات پر قریبی فتح

Updated: March 11, 2025, 9:35 PM IST | Mumbai

ویمنز پریمیر لیگ میں ممبئی کی ٹیم نے گجرات کو ۹؍رن سے مات دی۔ کپتان ہرمن پریت کور نے نصف سنچری بنائی

Mumbai Indian Bowler Shabnam Ismail.Photo:INN
ممبئی انڈینس کی گیند بازشبنم اسماعیل۔(تصویر: آئی این این)

 کپتان ہرمن پریت کور (۵۴؍رن) اور نیٹ سکیور برنٹ (۳۸؍رن) کی اننگز کے بعد امیلیا کیر (۳؍ وکٹ)، ہیلی میتھیوز اور شبنم اسمٰعیل کی عمدہ بولنگ کی بنیاد پر ممبئی انڈینس نے ڈبلیو پی ایل کے۱۹؍ویں میچ میں پیر کو گجرات جائنٹس کو ۹؍ رن سے شکست دی۔ یہ ممبئی کی گجرات پر لگاتار چھٹی جیت ہے۔
 ۱۸۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں گجرات جائنٹس کی شروعات انتہائی خراب رہی اور ۵۴؍رن  کے اسکور پر اس کے ۴؍ وکٹ گر گئے۔ بیتھ مونی (۷)، کاشوی گوتم (۱۰)، ایشلے گارڈنر (صفر) اور ہرلین دیول (۲۴؍رن)  آؤٹ ہوئے۔ اسماعیل نے ۱۱؍ ویں اوور میں فوبی لیچ فیلڈ (۲۲؍رن) کو بولڈ کیا۔ امیلیا کیر نے۱۴؍ویں اوور میں ڈینڈرا ڈوٹن (۱۰؍ رن) کو بولڈ کیا۔ امیلیا کیر نے۱۷؍ویں اوور میں بھارتی پھولمالی کو آؤٹ کرکے گجرات کو بڑا جھٹکا دیا۔ بھارتی پھولمالی نے ۲۵؍ گیندوں پر۶۱؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ۸؍ چوکے اور ۴؍ چھکے شامل تھے۔۲۰؍ویں اوور میں ہیلی میتھیوز نے تنوجا کنور (۱۰؍رن) کو رن آؤٹ کرنے کے بعد سمرن شیخ (۱۸؍ رن) کو بولڈ کرکے میچ جیتنے کی گجرات کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ ممبئی انڈینس کے بولنگ اٹیک کے سامنے گجرات جائنٹس کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۷۰؍  رن ہی بنا سکی اور میچ ۹؍ رن سے ہار گئی۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے امیلیا کیر نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ شبنم اسماعیل اور ہیلی میتھیوز نے۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ سنسکرت گپتا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 اس سے قبل پیرکو گجرات جائنٹس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  آنے والی ممبئی کی شروعات اچھی نہیں رہی اور امیلیا کیر (۵؍رن) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد ۷؍ویں اوور میں پریا مشرا نے ہیلی میتھیوز(۲۷؍رن) کو آؤٹ کر کے ممبئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ہرمن پریت کور نے نیٹ سکیور برنٹ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے  ۵۹؍ رن کی شراکت ہوئی۔۱۴؍ویں اوور میں ایشلے گارڈنر نے نیٹ سکیور برنٹ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ نیٹ سکیور برنٹ نے۳۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۳۸؍ رن کی اننگز کھیلی۔ امنجوت کور ۲۷؍رن اور یاستیکا بھاٹیہ ۱۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ تنوجا کنور نے۲۰؍ویں اوور کی دوسری گیند پر ہرمن پریت کور کو آؤٹ کیا۔ ہرمن پریت کور نے۳۳؍ گیندوں پر۵۴؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۹؍ چوکے لگائے۔ ممبئی انڈینس نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر۱۷۹؍ رن بنائے۔ گجرات جائنٹس کی جانب سے تنوجا کنور، کاشوی گوتم، پریا مشرا اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK