• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی پی ایل میں ممبئی کی دوسری کامیابی

Updated: April 13, 2024, 11:19 AM IST | Agency | Mumbai

ایشان کشن اور سوریہ کمار کی بدولت ممبئی نے بنگلورکو ۷؍وکٹ سے ہرادیا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

 ایشان کشن کے ۴۰؍ گیندوں میں ۶۹؍ رن اور سوریہ کمار یادو کی۱۹؍ گیندوں پر۵۲؍ رن کی نصف سنچری اور اس سے قبل جسپریت بمراہ کی ۵؍ وکٹوں کی بدولت ممبئی انڈینس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) کے۲۵؍ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر لیگ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔ 
 ۱۹۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینس کی اوپننگ جوڑی ایشان کشن اور روہت شرما نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۱؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ۹؍ویں اوور میں آکاش دیپ نے ایشان کشن کو کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ممبئی کو پہلا جھٹکا دیا۔ ایشان نے۳۴؍ گیندوں پر۶۹؍ رن کی اننگز کھیلی، جس میں ۷؍ چوکے اور ۵؍ چھکے لگے۔ اس کے بعد روہت شرما کو۱۲؍ویں اوور میں جیکس نے آؤٹ کیا۔ روہت نے۲۴؍ گیندوں پر۳؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۳۸؍رن بنائے۔ سوریہ کمار یادو نے۱۹؍ گیندوں میں ۵؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ وہ ۵۲؍ رن بنا کر وشاخ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ کپتان ہاردک پانڈیا۲۱؍ اور تلک ورما۱۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ممبئی نے۱۵ء۳؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر۱۹۹؍ رن بنائے اور میچ ۷؍ وکٹ سے جیت لیا۔ آکاش دیپ، وجے کمار ویشکھ اور ول جیکس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
  اس سے قبل جسپریت بمراہ نے ۵؍وکٹ لے کر رائل چیلنجرز کو بڑا اسکور کرنے سے روک دیا تھا۔ تاہم آخری اوورس میں کپتان فاف ڈو پلیسس کے ۶۱؍ رن، رجت پاٹیدار کے۵۰؍ رن اور دنیش کارتک کے ناٹ آؤٹ ۵۳؍رن کی بنیاد پر رائل چیلنجرز بنگلور نے ممبئی انڈینس کو جیت کیلئے۱۹۷؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ 
  وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کا آغاز خراب رہا اور وہ تیسرے اوور میں ہی ۳؍ رن پر وراٹ کوہلی کی وکٹ گنوا بیٹھے۔ چوتھے اوور میں ول جیکس بھی ۸؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے رجت پاٹیدار نے ڈوپلسیس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۸۲؍ رن کی شراکت ہوئی۔ رجت پاٹیدار نے۲۶؍ گیندوں پر۳؍چوکے اور ۴؍ چھکے لگا کر ۵۰؍ رن بنائے۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹوں پر۱۹۶؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK