قریبی فائنل میں ممبئی کی ٹیم نے ۸؍رن سےدہلی کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ ہرمن پریت کور نے کپتانی اننگز کھیلی اور نصف سنچری بنائی۔ گیندبازوں کی بھی اچھی کارکردگی۔
EPAPER
Updated: March 17, 2025, 12:51 PM IST | Agency | Mumbai
قریبی فائنل میں ممبئی کی ٹیم نے ۸؍رن سےدہلی کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ ہرمن پریت کور نے کپتانی اننگز کھیلی اور نصف سنچری بنائی۔ گیندبازوں کی بھی اچھی کارکردگی۔
ممبئی(ایجنسی):ممبئی انڈینس نے سنیچر کو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے خطابی مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو۸؍ رن سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔اس میچ میں ممبئی کی کپتان ہرمن پریت کور نے ۴۴؍ گیندوں پر ۶۶؍رن بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار اد ا کیا۔
ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۷؍ وکٹ پر۱۴۹؍ رن بنائے تھے۔ جواب میں دہلی کی ٹیم ۹؍ وکٹ پر۱۴۱؍ رن ہی بنا سکی۔ دہلی کیپٹلس کی جانب سے ماریزان کپ نے سب سے زیادہ ۴۰؍ رن بنائے۔ جمائما روڈریگز نے ۳۰؍ رن بنائے۔ ممبئی کی جانب سے نیٹ برنٹ نے ۳؍وکٹ حاصل کئے۔ امیلیا کیر نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ شبنم اسماعیل، ہیلی میتھیوز اور صائقہ اسحاق کو ایک ایک کامیابی ملی۔
۱۵۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کیپٹلس کی شروعات خراب رہی۔ میگ لیننگ۹؍ گیندوں پر ۱۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ انہیں برنٹ نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد شیفالی ورما۴؍ رن بنانے کے بعد شبنم اسماعیل کا شکار بنیں۔ اس کے بعد دہلی کی ٹیم کا تیسرا وکٹ ۳۷؍ رن کے اسکور پر گرا۔ امیلیا نے جوش جوناسن کو اپنا شکار بنایا۔ وہ صرف۱۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔
اس کے بعد صائقہ اسحاق نے اینابیل سدرلینڈ کو آؤٹ کیا۔ اینابیل سدرلینڈ صرف ۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دہلی کی ٹیم مسلسل وکٹ گنواتی رہی۔ دہلی کیپٹلس کے ۵؍ کھلاڑی دُہرے ہندسے کو بھی نہیں چھو سکے۔ دہلی کیلئے ماریزان کپ نے سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ انہوں نے۲۶؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۲؍چھکوں کی مدد سے۴۰؍رن بنائے جبکہ جمائمہ روڈریگز نے ۳۰؍رن کا تعاون دیا۔ نکی پرساد نے آخر میں جدوجہد کی لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکیں۔
اس سے قبل دہلی کیپٹلس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۷؍وکٹ پر۱۴۹؍ رن بنائے تھے۔ بریبورن اسٹیڈیم میں، دہلی کی ایم کپ نے اوپنرس ہیلی میتھیوز (۳) اور یاستیکا بھاٹیہ (۸) کو جلد آؤٹ کرکے ممبئی کو بڑا جھٹکا دیا لیکن کپتان ہرمن پریت اور برنٹ نے صبر کا مظاہرہ کیا اور دہلی کے گیند بازوں کو زیادہ کچھ نہیں کرنے دیا اور اسکور بورڈ پر رن بنانا جاری رکھا ۔ اننگز کے۱۵؍ ویں اوور میں برنٹ نے شری چرنی کی طرف سے مڈل اسٹمپ پر ایک فلر ڈلیوری سلگ کرنے کی کوشش کی لیکن اسکوائر لیگ پر منو منی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ انہوں نے۲۸؍ گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں ۴؍ چوکے لگائے۔ سیور برنٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد دہلی کے گیند بازوں نے ایک بار پھر وکٹوں کے گرنے کے درمیان میچ پر قابو پالیا اور رن ریٹ کو کنٹرول کیا۔ ہرمن پریت کا قیمتی وکٹ اینابیل سدرلینڈ کے حصے میں آیا جب وہ ڈرائیو کرنے کی کوشش میں ڈیپ کور پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ اپنی نصف سنچری اننگز میںکپتان کور نے ۹؍ چوکے اور ۲؍ شاندار چھکے لگائے۔دہلی کی جانب سے کپ، جیس جانسن اور شری چرنی نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ سدرلینڈ نے ہرمن پریت کا قیمتی وکٹ حاصل کیا۔
اورنج اور پرپل کیپ کے فاتح
ممبئی انڈینس کی بلے باز نیٹ سیور برنٹ رن بنانے کے معاملے میں سرفہرست تھیں۔ انگلینڈ کی ۳۲؍ سالہ کھلاڑی نے۱۰؍ اننگز میں ۵؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ۵۲۳؍ رن بنائے۔ انہیں اورنج کیپ سے نوازا گیا۔ اسی طرح ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والی بولر پرپل کیپ کی دعویدار ہے۔ نیوزی لینڈ کی۲۴؍ سالہ آل راؤنڈر امیلیا کیر نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والی کھلاڑی تھیں۔ انہوں نے۷ء۷۵؍ کے اکنامی ریٹ سے۱۸؍ وکٹ حاصل کئے۔