• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وانکھیڈے پر سوریہ چمکا، ممبئی ۶؍ وکٹ سے کامیاب

Updated: May 11, 2023, 12:35 PM IST | Mumbai

سوریہ کمار یادو(۸۳؍رن) اور نہال ودھیرا (۵۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کی رات کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی۔

Mumbai Indians star batsman Surya Kumar Yadav
ممبئی انڈینس کے اسٹار بلے باز سوریہ کمار یادو

سوریہ کمار یادو(۸۳؍رن) اور نہال ودھیرا (۵۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کی رات کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی۔  
 فاف ڈو پلیسس(۶۵؍رن) اور گلین میکسویل (۶۸؍رن) نے نصف سنچریاں بنا کر ممبئی کو۲۰۰؍رن کا بڑا ہدف دیا، لیکن سوریہ کمار اور وڈھیرا کی جوڑی نے ممبئی کو ۱۶ء۳؍اوور میں ہدف تک پہنچا دیا۔میکسویل اورڈو پلیسس نے۱۲۰؍ رن جوڑ کر آر سی بی کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیاتھا، لیکن دنیش کارتک (۳۰؍ رن)۱۵؍ویں اوور تک دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کو۲۰۰؍ رن سے آگے نہ لے جا سکے۔
 سلامی بلے باز ایشان کشن نے۲۱؍گیندوں پر ۴۲؍ رن کے ساتھ ممبئی کو شاندار آغاز دلایا جس نے آنے والے بلے بازوں کیلئے  چیزیں آسان کر دیں۔ کشن کا وکٹ گرنے کے بعد سوریہ کمار نے طوفانی بلے بازی کی اور وڈھیرا کے ساتھ۱۴۰؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کرکے ممبئی کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ جب ممبئی فتح سے ۸؍ رن دور تھی تو سوریہ کمار اور ٹم ڈیوڈ مسلسل گیندوں پر آؤٹ ہوگئے لیکن وڈھیرا نے ۱۷؍ ویں اوور میں چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ممبئی کو جیت بھی دلائی۔ ممبئی (۱۲؍ پوائنٹس) اس جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے، جب کہ آر سی بی (۱۰؍پوائنٹس) اس بڑی شکست کے بعد ۷؍ویں  پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے آر سی بی نے وراٹ کوہلی اور انوج راوت کے وکٹ۱۶؍ رن پر گنوا دیئے۔ ڈو پلیسس کو پہلے ہی اوور میں  موقع ملا اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاور پلے میں میکسویل نے تیز رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے۵۶؍رن جوڑے۔ اس شراکت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے میکسویل نے۲۵؍گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ ڈو پلیسس نے بھی۳۰؍ گیندوں پر ففٹی بنا کر کچھ ہی دیر میں رفتار حاصل کرلی۔ 

سوریہ  بنگلور کے بولرس سےکھیل رہے تھے: گاوسکر

سابق ہندوستانی کرکٹر سنیل گاوسکر نے ممبئی انڈینس کے دھماکہ خیز بلے باز سوریہ کمار یادو کی رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف ۳۶۰؍ ڈگری کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ آر سی بی کے گیند بازوں کے ساتھ کھیل رہے تھے۔آر سی بی نے منگل کو ممبئی کے سامنے۲۰۰؍ رن کا ہدف رکھا تھااس کے باوجود ممبئی نے سوریہ کمار اور نہال وڈھیرا کے درمیان۱۴۰؍ رن کی شراکت کی مدد سے یہ ہدف۱۷؍ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ سوریہ کمار نے۳۵؍ گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے۸۳؍ رن بنانے کے بعد مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔گاوسکر نے اسٹار اسپورٹس کے پروگرام کرکٹ لائیو میں کہاکہ’’اسکائی (سوریہ کمار یادو) گیند بازوں کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ جب وہ بلے بازی کرتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ گلی کرکٹ چل رہا ہے۔ آر سی بی کے خلاف انہوں نے لانگ آن اور لانگ آف کھیلا۔ شاٹس مار کر شروعات کی۔ پھر انہوں نے چاروں طرف شاٹس کھیلنا شروع کر دئیے۔ سوریہ کمار کے ساتھ سنچری شراکت کرنے والے وڈھیرا نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے۳۴؍ گیندوں پر۵۱؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز میں ۴؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔گاوسکر نے وڈھیرا کی اننگز پر کہاکہ’’جب آپ سوریہ کمار کے ساتھ کھیلتے ہیں تو آپ کا اعتماد بڑھ جاتا ہے، لیکن نہال کی اننگز کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ سوریہ کی طرح شاٹس کھیلنے کی کوشش نہیں کر رہے تھے۔

میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ میرا کھیل کیسا ہے : سوریہ کمار

ممبئی انڈینس کے مضبوط  بلے باز سوریہ کمار یادو نے اپنی ٹیم کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف فتح دلانے کے بعد کہا کہ وہ اپنے کھیل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ان کیلئے میچ کے حالات صرف پریکٹس سیشن کی توسیع ہیں۔ سوریہ کمار کے۳۵؍ گیندوں پر۸۳؍ اور نہال وڈھیرا کے ناقابل شکست۵۲؍ رن نے ممبئی کو آر سی بی  کے خلاف ۶؍ وکٹ سے آسانی سے کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی۔سوریہ کمار نے میچ کے بعد کہا’’میں نے نہال سے کہا کہ وہ تیز شاٹس کھیلے اور خالی جگہوں پر شاٹس کھیلے۔ آپ کی مشق بھی اس کھیل پر مبنی ہے جو آپ میچ میں کھیلنے کا ارادہ کرتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا’’میں جانتا ہوں کہ مجھے کس شعبے میں رن بنانے ہیں۔ ہم کھلے میدان میں مشق کرتے ہیں۔ میں اپنے کھیل کو اچھی طرح جانتا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK