• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشیر خان نے سنچری بناکر سچن تینڈولکر کا ریکارڈ توڑدیا

Updated: March 12, 2024, 8:57 PM IST | Mumbai

ممبئی کے مشیر خان رنجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے ۔ سچن کا ۲۹؍ سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کیا

Musheer Khan. Photo: Atul Kamble
مشیر خان ۔ (تصویر:اتل کامبلے)

مشیر خان  نے رنجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بناکر تاریخ رقم کردی۔ ودربھ کے خلاف رنجی فائنل میچ میں، مشیر نے سیکڑہ بنا  کر سچن تینڈولکر کا  ریکارڈ توڑ دیا۔ مشیر اب رنجی ٹرافی فائنل میں سنچری بنانے والے ممبئی کے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے ہیں۔  ۲۹؍ سال قبل سچن تینڈولکر نے سال ۹۵/۱۹۹۴ء میں رنجی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنائی تھی۔ اس وقت سچن کی عمر ۲۱؍ سال۱۱؍ ماہ تھی۔ اس کے ساتھ ہی اب مشیر خان نے۱۹؍ برس ۱۴؍ دن کی عمر میں رنجی ٹرافی فائنل میں ممبئی کیلئے سنچری بنا کر ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا ہے۔تینڈولکر بھی فائنل میچ دیکھنے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں مشیر کی یہ دوسری سنچری ہے۔مشیر نے سنچری بنائی تو ان کے والد بھی شائقین گیلری میں موجود تھے۔ حالیہ دنوں میں مشیر کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ مشیر نے انڈر ۱۹؍ورلڈ کپ میں بھی شاندار بلے بازی کرکے ہلچل مچا دی۔
۱۹؍سالہ مشیر خان نے رنجی سیمی فائنل میچ میں۵۵؍ رن کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل میں انہوں نے۲۰۳؍ رن بنا کر دھوم مچادی۔ اب فائنل میں مشیر نے۳۲۶؍ گیندوں پر ۱۳۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ مشیر نے اپنی۱۳۶؍ رن کی اننگز میں ۱۰؍ چوکے لگائے۔ 
 ممبئی نے ودربھ کو۵۳۸؍ رن کا ہدف دیا
 مشیر خان کی۱۳۶؍ رن کی سنچری اننگز، شریاس ایّر۹۵؍ رن، اجنکیا رہانے۷۳؍رن  اور شمس ملانی کی ناقابل شکست۵۰؍ رن کی نصف سنچری کے دم پر ممبئی نے دوسری اننگز میں۴۱۸؍ رن بنائے اور ودربھ کو جیت کے لئے۵۳۸؍ رن کا ہدف دیا ہے۔منگل کو دن کا کھیل ختم ہونے تک ودربھ نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان کے ۱۰؍  رن بنا لئے ہیں اور اسے جیت کیلئے ۵۲۸؍ رن درکار ہیں۔ اتھروا تائیڈے ۳؍ اور دھرو شوری ۷؍ رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ ممبئی کی دوسری اننگز کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۷؍ویں اوور میں پرتھوی شا کا وکٹ گنوا دیا۔ شا کو ٹھاکر نے بولڈ آؤٹ کیا۔ بھوپین للوانی بھی۱۸؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK