روہت نے اپنے مستقبل کے سوال پر کہا کہ یہاں بیٹھ کر میرے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا۔
EPAPER
Updated: February 05, 2025, 9:59 PM IST | Nagpur
روہت نے اپنے مستقبل کے سوال پر کہا کہ یہاں بیٹھ کر میرے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ فی الحال میری پوری توجہ انگلینڈ کے ساتھ ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز اور چمپئن ٹرافی پر ہے۔ خراب فارم کے ساتھ جدوجہد کر نے والے روہت شرما نے جمعرات سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے پہلے اپنے مستقبل کے سوال پر کہا کہ یہاں بیٹھ کر میرے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور میں ان کا جواب نہیں دینا چاہتا۔ میرے لئے یہ تینوں میچ اور چمپئن ٹرافی زیادہ اہم ہیں، اس لیے میری توجہ ابھی اسی پر ہے۔
فارم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایک مختلف فارمیٹ ہے، مختلف وقت ہے۔ بحیثیت کرکٹر ہم جانتے ہیں کہ ہمارے اوپر اتار چڑھاؤ آئے گا۔ میں نے اپنے کریئر میں کئی بار ایسے حالات کا سامنا کیا ہے، یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہر دن نیا دن ہے اور ہر سیریز نئی ہے۔ میں آگے آنے والے چیلنج سے نمٹنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔ میں سیریز کے اچھے آغاز پر توجہ مرکوز کرنا چاہتا ہوں، ماضی پر نہیں۔
تیز گیند بازجسپریت بمراہ کی فٹنیس سے متعلق سوال پر ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہم ابھی ان کی اسکین رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ اسکین رپورٹ آنے کے بعد ہم وضاحت کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ فاسٹ بولر محمدسمیع نے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ۲۰؍ سیریز میں واپسی کی۔ انہوں نے کہا کہ سمیع نے ڈیڑھ سال سے کرکٹ نہیں کھیلا۔ اس لیے اتنی جلدی رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔ وہ گزشتہ ۱۰۔۱۲؍ برسوں سے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے لیے پرفارم کیا ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر پاتا تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ کھلاڑی برا ہے۔ وکٹ کیپنگ کے سوال پر ہندوستانی کپتان نے کہا کہ راہل کافی عرصے سے ون ڈے فارمیٹ میں ہمارے لیے وکٹ کیپنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے یہ ذمہ داری بہت اچھی طرح نبھائی ہے۔ آخری ۱۰۔۱۵؍ون ڈے میں انہوں نے وہی کیا جس کی ٹیم کو ان سے ضرورت تھی۔