• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نازیہ بی بی کھو کھو عالمی کپ میں کھیلنے والی جموں اور کشمیر کی پہلی خاتون کھلاڑی

Updated: January 14, 2025, 1:07 PM IST | Agency | Jammu

جموں کے نگروٹا کی رہائش پذیر ۲۱؍سالہ نازیہ بی بی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے کھو کھو عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی جموں کشمیر کی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزازحاصل کیا ہے۔

Jammu and Kashmir Kho Kho player Nazia Bibi. Photo: INN
جموں کشمیر کی کھو کھو کھلاڑی نازہ بی بی۔ تصویر: آئی این این

جموں کے نگروٹا کی رہائش پذیر ۲۱؍سالہ نازیہ بی بی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے کھو کھو عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی جموں کشمیر کی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزازحاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کا آغاز پیر ۱۳؍جنوری سےنئی دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں شروع ہو چکا ہے جس میں دنیا بھر کے ۲۰؍سے زائد ممالک شرکت کررہے ہیں۔ 
  نازیہ بی بی کے والد صابر علی ایک دکاندار ہیں جبکہ ان کی والدہ کا نام زلیخا بی بی ہے۔ نازیہ ایک قبائیلی برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا کھوکھو کھیلنے کا سفر اسکول کے دنوں سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ حالانکہ گزشتہ ۷؍برسوں سےانہوں نے پیشہ ورانہ طور پر کھیلنا شروع کیا۔ وہ فی الحال جموں کے پدم شری پدم سچدیو گورنمنٹ کالج فار ویمن گاندھی نگر میں بی اے کی ڈگری کے پانچویں سمسٹر میں زیر تعلیم ہیں۔ کھیل کو اپنانے کی ان کی تحریک ان کے چچا زاد بھائیوں سے ملی، جو ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بھائیوں کو کھیل کے میدان میں کامیاب ہوتے دیکھ کر ان کے اندر بھی ایسا ہی راستہ اختیار کرنے کا جذبہ پیدا ہوا۔ اس تعلق سے نازیہ نے کہا ’’ بچپن سے ہی میں نے اپنے چچا زاد بھائیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اور اس نے میرے اندر کھیل میں کریئر بنانے کی دلچسپی پیدا کی۔ ‘‘
 برسوں کی محنت اور عزم کے بعد نازیہ بی بی کو ہندوستانی کھو کھو ٹیم کے لئے منتخب کیا گیا اور اس طرح وہ جموں کشمیر کی واحد کھلاڑی بن گئیں جنہیں اس اعزازی عالمی چمپئن شپ کیلئے منتخب کیا گیا۔ ان کے انتخاب سے پہلے، جموں کشمیر کے ۴؍ کھلاڑیوں کو قومی کیمپ کیلئے مدعو کیا گیا تھا، جن میں ۲؍ مرد اور ۲؍خاتون کھلاڑی شامل تھیں۔ نازیہ بی بی کشمیر سے واحد خاتون کھلاڑی تھیں جنہیں عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لئے منتخب کیا گیا۔ ان کے خاندان کو ان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ نازیہ نے بتایا ’’میرا پورا خاندان مجھ پر فخر کرتا ہے اور وہ عالمی چمپئن شپ میں ہماری ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا کر رہے ہیں۔ ‘‘جموں کشمیر اسٹیٹ کھو کھو اسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر بلجندر کور اور جنرل سیکریٹری امریندر پال سنگھ نے نازیہ بی بی کو مبارکباد دی اور ان کی محنت اور لگن کو خطے کے دیگر لوگوں کے لئے ایک تحریک قرار دیا۔ انہوں نے نازیہ اور ہندوستانی کھو کھو ٹیم کیلئے عالمی کپ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK