• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں نیرج چوپڑا دوسرے نمبر پر رہے

Updated: September 15, 2024, 3:49 PM IST | Brussels

پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والے گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرس نے سنیچر کو بلجیم کے برسلز میں ہونے والے مقابلے میں۸۷ء۸۷؍ میٹر کی کوشش کے ساتھ اپنا پہلا ڈائمنڈ لیگ ٹائٹل جیتا۔

Neeraj Chopra. Photo:PTI
نیرج چوپڑا۔ (تصویر:پی ٹی آئی )

عالمی چمپئن نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ فائنل۲۰۲۴ء میں مردوں کے جیولن تھرو مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے، وہ خطاب سے ایک سینٹی میٹر سے محروم ہوگئے۔ پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والے گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرس نے سنیچر کو بلجیم  کے برسلز میں ہونے والے مقابلے میں۸۷ء۸۷؍  میٹر کی کوشش کے ساتھ اپنا پہلا ڈائمنڈ لیگ ٹائٹل جیتا۔ ہندوستانی جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا ایک سینٹی میٹر کے فرق سے۸۷ء۸۶؍ میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔۲۰۲۳ء یورپی گیمز کے چمپئن جرمنی کے جولین  ویبر۸۵ء۹۷؍  میٹر کے فاصلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
دو بار کے اولمپکس میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے ۸۳ء۴۹؍ میٹر کے تھرو کے ساتھ اپنا پہلا تھرو مکمل کرتے ہوئے ایک اچھی شروعات کی۔ انہوں نے اپنی تیسری کوشش میں پیٹرس کو سے آگے نکلنے کیلئے  شاندار واپسی کی، لیکن وہ ایک سینٹی میٹر سے پیچھے رہ گئے۔ ہندوستانی جیولن پھینکنے والے کھلاڑی کا  اگلا تھرو۸۲ء۰۴؍ میٹر،۸۳ء۳۰؍ میٹر اور ۸۶ء۴۶؍ میٹر رہا۔ نیرج چوپڑا نے پانچویں بار ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں حصہ لیا۔ وہ۲۰۱۷ء میں ساتویں، اگلے سال چوتھے نمبر پر رہے اور۲۰۲۲ء میں ۸۸ء۴۴؍ میٹر کے تھرو کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ کا ٹائٹل جیتا۔ پچھلے سال نیرج چوپڑا۸۳ء۸۰؍ میٹر کی کوشش کے ساتھ جیکب وڈلیچ کے پیچھے دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
 اس سے پہلے فائنل کیلئے  کوالیفائی کرنے کے لئے نیرج نے  اس سیزن میں دو ڈائمنڈ لیگ میچوں میں۱۴؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ چوپڑا نے مئی میں دوحہ مرحلے اور پچھلے مہینے لوزان ایونٹ دونوں میں دوسرا مقام حاصل کیا اور پوائنٹس ٹیبل پر مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر ہے۔ مردوں کے جیولن تھرو فائنل میں کل ۷؍ ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے ارشد ندیم نے اس سال ڈائمنڈ لیگ میں صرف ایک بار حصہ لیا اور فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK