• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیوزی لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا اعلان کیا

Updated: April 29, 2024, 9:13 PM IST | Wellington

نیوزی لینڈ نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے لئے کین ولیمسن کی قیادت میں۱۵؍ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے

New Zealand Players With Children. Photo:INN
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی بچوں کے ساتھ۔ ۔(تصویر:آئی این این)

نیوزی لینڈ نے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے لئے کین ولیمسن کی قیادت میں۱۵؍ رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔
انگوٹھے کی انجری کے باعث انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر ہونے والے اوپنر ڈیون کونوے اور فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ٹم ساؤدی کو بھی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ بین سیئرس کو واحد سفری ریزرو بنایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ ۱۵؍ رکنی اسکواڈ میں صرف راچن رویندر  اور میٹ ہنری ہی ایسے رکن ہیں جو پہلی بار ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہے ہیں۔ انجری کے باعث تیزگیندباز ایڈم ملنے اور کائل جیمیسن سلیکشن کیلئے  دستیاب نہیں تھے۔ فن ایلن کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہو چکے ہیں اوروہ کونوے کے ساتھ اوپننگ بلے باز کے کردار میں نظر آئیں گے۔ پاکستان کے دورے پر جانے والی ٹیم میں سے صرف مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، جیمس نیشام اور ایش سوڈھی کو ہی اس ورلڈ کپ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ کے مطابق یہ ایک متوازن ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز کی مختلف پچوں پر مختلف حالات کی توقع کر رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہم نے جس ٹیم کو منتخب کیا ہے وہ ان مختلف حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ٹیم کے اعلان کے لیے دو بچوں کو پریس کانفرنس کے لیے بھیجا تھا۔ ایک بچے کا نام انگس جب کہ بچی کا نام ماٹلڈا ہے۔ان  بچوں نے نیوزی لینڈ کی ٹی۲۰؍ ورلڈکپ۲۰۲۴ء کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ دنیائے کرکٹ میں ٹیم کے اعلان کا یہ انوکھا اور نرالہ واقعہ ہے۔ جسے کافی سراہا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم: کین ولیمسن (کپتان)، فن ایلن، ٹرینٹ بولٹ، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگیوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مشیل، جیمس نیشام، گلین فلپس، راچن رویندر، مشیل  سینٹنر، ایش سوڈھی، ٹم ساؤدی اور بین سیئرز (ریزرو)۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK