• Wed, 26 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیوزی لینڈ کی بنگلہ دیش پر جیت

Updated: February 25, 2025, 10:19 PM IST | Rawalpindi

کیوی ٹیم نے ۵؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چمپئن ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

New Zealand Players. Photo:PTI
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

  مائیکل بریسویل (۴؍ وکٹ) اور ولیم اورورک (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد  راچن رویندر کی سنچری اور ٹام لاتھم  (۵۵؍رن)کی نصف سنچری  اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے چمپئن  ٹرافی کے  چھٹے مقابلے میں بنگلہ دیش کو ۵؍ وکٹ سے ہراکر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیش کے۲۳۶؍رن کے اسکور کے جواب میں بلے بازی  کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے۱۵؍رن  کے اسکور پر۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ ول ینگ (صفر) اور کین ولیمسن (۵؍رن) آؤٹ ہوئے۔ ڈیون کونوے (۳۰؍رن) بھی پویلین لوٹ گئے۔ راچن رویندر اور ٹام لاتھم کی جوڑی نے نیوزی لینڈ کی شکست خوردہ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے  ۱۲۹؍ رن کی شراکت ہوئی۔ رشاد حسین نے۳۹؍ویں اوور میں راچن رویندر کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑدیا۔ راچن رویندر نے۱۰۵؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۲؍ رن بنائے۔  لاتھم ۴۲؍ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ لاتھم  نے ۷۶؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۵۵؍ رن بنائے۔ نیوزی لینڈ نے۴۶ء۱؍اوورس میں۲۴۰؍ رن بنا کر ۵؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ مائیکل بریسویل ۱۱؍اور گلین فیپس۲۱؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، ناہید رانا، مستفیض الرحمان اور رشاد حسین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل  نیوزی لینڈ کے کپتان مشیل  سینٹنر نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے  اتری بنگلہ دیش کی اوپننگ جوڑی تنزید حسن اور کپتان  نجم الحسن شانتو نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے رن بنانے کی کوشش کی۔ مائیکل بریسویل نے ۹؍ویں اوور میں تنزید حسن (۲۴؍رن) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔اس کے بعد باقاعدہ وقفے سے بنگلہ دیش کے وکٹ گرتے رہے تاہم اس دوران نجم شانتو ایک طرف  ڈٹےرہے۔۱۲؍ویں اوور میں بنگلہ دیش کا دوسرا وکٹ مہدی حسن مراد(۱۳؍رن) کے طور پر گرا۔ اس کے بعد بریسویل نے محمد توحید (۷؍رن)، مشفق الرحیم (۲؍رن) اور محموداللہ (۴؍ رن) کو جلد ہی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔۳۸؍ ویں اوور میں ولیم اوروُرک نے  شانتو کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا دیا۔  شانتو نے۱۱۰؍ گیندوں پر۹؍  چوکے مار کر۷۷؍  رن کی اننگز کھیلی۔۴۴؍ویں اوور میں میٹ ہینری نے رشاد حسین (۲۶؍رن) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ۴۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر لاتھم نے ذاکر علی کو رن آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کے چیلنجنگ اسکور کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ ذاکر علی نے۵۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکے اور ایک چھکا مار کر  ۴۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔  بنگلہ دیش نے ۹؍ وکٹوں پر ۲۳۶؍ رن کا اسکور بنایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK