• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیوزی لینڈ نے ہندوستان کوکلین سویپ کیا

Updated: November 04, 2024, 12:36 PM IST | Mumbai

مہمان ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کو ۲۵؍رن سے مات دی۔ ٹیسٹ سیریز پر ۰۔ ۳؍سے قبضہ۔ اعجاز پٹیل میچ کے ہیرو بنے۔

New Zealand team winning the Test series. Photo: PTI.
ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

ٹام لیتھم کی کپتانی والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اتوار کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو۲۵؍ رن سے شکست دے کر ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تاریخی کلین سویپ کیا۔ اعجازپٹیل کو ان کی عمدہ گیندبازی کیلئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ ول ینگ کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ۹۲؍ سال کی ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو اس کی ہی سرزمین پر کلین سویپ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی بار ۱۹۵۵ء میں ہندوستان کا دورہ کیا، ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ۰۔ ۲؍سے شکست کھائی۔ سیریز کے ۳؍ میچ ڈرا ہوئے۔ پھر۱۹۶۵ء میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان آئی اور اس بار بھی اسے ایک بھی ٹیسٹ جیتنے کا موقع نہیں ملا۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۱؍ سے شکست دی تھی اور ۳؍ میچ ڈرا ہوئے۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے۱۹۶۹ء میں ہندوستان کا دورہ کیا اور اس وقت ہندوستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ جیتا تھا۔ ۳؍ میچوں کی یہ سیریز نیوزی لینڈ ۱۔ ۱؍ سے برابر کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ 
۲۴؍سال بعد کسی بھی ٹیم نے ہندوستان میں ہندوستانی ٹیم کو کلین سویپ کیا ہے۔ اس سے قبل ۲۰۰۰ءمیں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو کلین سویپ کیا تھا۔ ہندوستان اب آسٹریلیا کے دورے پر ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لئے ہندوستان کو اس سیریز میں کم از کم ۴؍ ٹیسٹ میچ جیتنے ہوں گے۔ اس سے قبل اعجاز پٹیل (۶؍ وکٹ) اور گلین فلپس (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوارکو ہندوستان کو۲۵؍ رن سے شکست دے دی، اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی۰۔ ۳؍ سے جیت لی ہے۔ ہندوستان کو پہلی بار اپنی ہی سرزمین پر کلین سویپ کا سامنا کرناپڑا ہے۔ لنچ کے بعد جیت کی طرف بڑھ رہے ہندوستان کو۲۲؍ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے رشبھ پنت (۶۴؍رن) کو آؤٹ کر کے دھچکا دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کی میچ میں واپسی کرادی۔ پنت نے اپنی اننگز میں ۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد اشون اور واشنگٹن سندر نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن گلین فلپس نے اشون (۸؍رن) اور اسی اوور میں آکاش دیپ (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ۳۰؍ ویں اوور میں اعجاز نے واشنگٹن سندر (۱۲؍رن)کو بولڈ کر کے ہندوستانی اننگز ۱۲۱؍رن پر ختم کر دی اور میچ ۲۵؍ رن سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز ۰۔ ۳؍سے جیت لی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان اپنے گھر پر ٹیسٹ سیریز ہارا ہے۔ اس شکست سے عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان کو بڑا دھچکا لگاہے۔ 
نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں ۱۷۴؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے ۲۹؍رن کے اسکور پر یکے بعد دیگرے اپنے ۵؍ وکٹ گنوا دیئے۔ کپتان روہت شرما۱۱؍ رن، شبھمن گل ایک، یشسوی جیسوال۵؍رن اور وراٹ کوہلی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد رویندر جڈیجا نے رشبھ پنت کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان۴۲؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ۱۶؍ویں اوور میں اعجاز پٹیل نے ول ینگ کے ہاتھوں جڈیجا (۶؍رن) کو کیچ کروا کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والے واشنگٹن سندر نے پنت کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ اس دوران رشبھ پنت نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ پنت نے۵۰؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے (ناٹ آؤٹ۵۳؍رن ) بنالئے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں اعجاز پٹیل نے۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ۵؍وکٹ لئے تھے۔ گلین فلپس کو ۳؍ وکٹ ملے۔ میٹ ہنری نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل رویندر جڈیجا اور اشون کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو دوسری اننگز میں ۱۷۴؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو مشکل پچ پر میچ جیتنے کیلئے ۱۴۷؍ رن کا ہدف ملا۔ اتوار کو وانکھیڈے میں، نیوزی لینڈ نے سنیچر کے۱۷۱؍رن کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK