• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چمپئن ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو مات دی

Updated: February 21, 2025, 1:42 PM IST | Agency | Karachi

ٹام لاتھم اور ول ینگ کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے ۶۰؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔ میزبان ٹیم کے سبھی بلے باز ناکام۔

Will Young. Picture: INN
ول ینگ۔ تصویر: آئی این این

ٹام لاتھم (ناٹ آؤٹ ۱۱۸؍رن)، ول ینگ (۱۰۷؍رن) کی سنچریوں اور گلین فلپس (۶۱؍رن) کی نصف سنچری اننگز کے بعد ولیم اورورک اور مشیل سینٹنر (۳۔۳؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے بدھ کو چمپئن ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو ۶۰؍ رن  سے شکست دے دی۔
 نیوزی لینڈ کے۳۲۰؍ رن کے جواب میں بلے بازی اتری پاکستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے۲۲؍رن کے اسکور پر اپنے  ۲؍ وکٹ گنوا دیں۔ سعود شکیل  ۶؍ اور کپتان محمد رضوان ۳؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۲۱؍ ویں اوور میں مائیکل بریسویل نے فخر زمان (۲۴؍ رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ بلے بازی کرنے آئے آغا سلمان نے محاذ سنبھالا لیکن وہ بھی زیادہ دیر ٹھہر نہ سکے۔ انہیں نیتھن اسمتھ نے آؤٹ کیا۔ آغا سلمان نے۲۸؍ گیندوں پر۴۲؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ طیب طاہر (ایک ) اور بابر اعظم (۲۸؍رن) کو مشیل  سینٹنر نے آؤٹ کر کے پاکستان کی کمر توڑ دی۔ شاہین شاہ آفریدی  ۱۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ تیزی کے ساتھ رن بنارہے خوشدل شاہ (۶۹؍رن) کو ولیم اورورک کو آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑا دھچکا دیا۔ حارث رؤف  ۱۹؍ رن بناکر ۹؍ویں  وکٹ کی شکل میں  آؤٹ ہوئے۔ ۴۷؍ویں اوور کی دوسری گیند پر میٹ ہنری نے نسیم شاہ ۱۳؍رن  کو بولڈ کر  کے پاکستان کی اننگز ۲۶۰؍ رن  پر سمیٹ دی۔
 نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم اورورک اور مشیل  سینٹنر نے ۳۔۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ میٹ ہنری نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ کو ایک ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی  کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  اتری نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے ایک وقت ۱۶ء۲؍ اوورس میں ۷۳؍رن  کے اسکور پر ۳؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ ڈیون کونوے۱۰، کین ولیمسن ایک  اور ڈیرل مشیل ۱۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس دوران ول ینگ نے ایک کنارے  تھامے  اور مسلسل رن بناتے رہے۔ ۳۸؍ویں اوور میں نسیم شاہ نے ول ینگ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑی کامیابی دلائی۔  ول ینگ نے۱۱۳؍ گیندوں پر۱۲؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۱۰۷؍ رن بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK