• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں، ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ سے باہر

Updated: October 15, 2024, 9:19 PM IST | Dubai

خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی پاکستان پر ۵۴؍رن سے فتح۔ ہندوستان گروپ میں تیسرے نمبرپر رہا

New Zealand Players. Photo:INN
نیوزی لینڈ کی کھلاڑی۔ (تصویر:آئی این این)

سوزی بیٹس (۲۸)، بروک ہالیڈے (۲۲) کی شاندار اننگز اور امیلیا کیر (۳؍ وکٹ) اور ایڈن کارسن (۲؍ وکٹ) کی مہلک گیند بازی کے بعد نیوزی لینڈ نے خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں  پیر کو۱۹؍ویں میچ میں پاکستان کو۵۴؍ رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
  میچ میں پاکستانی ٹیم جس طرح۱۱۱؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں۱۱ء۴؍ اوورس میں۵۶؍ کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی وہ اپنے آپ میں حیران کن تھی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کے دوران کئی کیچ چھوڑے اور پھر ہچکچاتے ہوئے بلے بازی کیلئے  باہر آئے۔ میچ کے دوران ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی نئی ٹیم پہلی بار کرکٹ کھیل رہی ہو۔ منیبہ علی (۱۵؍رن) اور کپتان فاطمہ ثنا (۲۱؍رن) کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز ڈبل فیگرز تک نہیں پہنچ سکا۔ ۵؍ بلے بازوں کا اسکور صفر تھا۔ ۴؍ بلے باز ۹، ۳، ۲؍ اور ۲؍ رن پر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جھولی میں ۴؍وکٹ صرف ۴؍ رن کے اضافہ کے بعد ڈال دیئے۔
 نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر نے۲ء۴؍ اوورس میں۱۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ایڈن کارسن نے ۳؍ اوورس میں ۷؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ روزمیری میئر، لیا تاہوہو اور فران جونس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کو نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سوزی بیٹس اور جارجیا پالمر کی اوپننگ جوڑی نے نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے  وکٹ کیلئے ۴۱؍ رن جوڑے۔ نشرہ سندھو نے ۷؍ویں اوور میں جارجیا پالمر(۱۷؍رن) کو آؤٹ کرکے اس جوڑی کو توڑا اور پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سندھو نے ۹؍ویں اوور میں سوزی بیٹس(۲۸؍رن) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ امیلیا کیر (۹؍رن ) کو عمیمہ نے آؤٹ کیا۔ کپتان سوفی ڈیوائن اور بروک ہالیڈے نے سست اور جارحانہ اننگز کھیلی۔ بروک ہالیڈے (۲۲؍رن) کو سندھو نے آؤٹ کیا۔ سوفی ڈیوائن (۱۹؍رن) سعدیہ اقبال کا نشانہ بنیں۔ میڈی گرین (۹؍رن) کو ندا ڈار نے آؤٹ کیا۔ اگرچہ اس دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی کیچ چھوڑے لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر ۱۱۰؍ رن ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ سعدیہ اقبال، ندا ڈار، عمائمہ سہیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK