• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نیوزی لینڈ یکروزہ اور ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی تیسری ٹیم

Updated: October 22, 2024, 2:51 PM IST | Agency | Sharjah

خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلی بار خطاب پر قبضہ کیا۔ کیوی کھلاڑی کیر، بیٹس اور ڈیوائن نے دلچسپ ریکارڈس اپنے نام کئے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

اتوار کی رات  ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۴ءکے فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو۳۲؍ رن  سے شکست دے دی۔ ورلڈ کپ جیتنے سے لے کر فائنل میں اسکور کرنے اور سب سے زیادہ وکٹ لینے تک نیوزی لینڈ اور اس کے کھلاڑیوں نے کئی دلچسپ اعدادوشمار حاصل کئے ہیں۔ آئیے ان اعداد و شمار پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
۴؍ نیوزی لینڈ خواتین کاٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے والی چوتھی ٹیم بن گئی ہے۔ اس ورلڈ کپ کے ۹؍ میں سے ۶؍ ایڈیشن آسٹریلیا نے جیتے ہیں جبکہ انگلینڈ (۲۰۰۹ء) اور ویسٹ انڈیز (۲۰۱۶ء) نے بھی ٹرافی جیتی ہے۔
۳؍نیوزی لینڈ صرف تیسری خواتین کی کرکٹ ٹیم ہے جس نےیکروزہ  اورٹی ۲۰؍ دونوں ورلڈ کپ جیتے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے اب تک اپنا واحد ون ڈے ورلڈ کپ۲۰۰۰ء میں جیتا تھا۔ خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ کے اب تک کے کل۱۲؍ ایڈیشنز میں سے آسٹریلیا نے ۷؍ ورلڈ کپ جیتے ہیں جبکہ انگلینڈ نے ۴؍ ورلڈ کپ جیتے ہیں۔
۱۰؍اس ورلڈ کپ میں داخل ہونے سے پہلے، نیوزی لینڈ کو لگاتار۱۰؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں شکست ملی تھی ۔ کسی بھی ورلڈ کپ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے ورلڈ کپ سے پہلے مسلسل اتنے میچ ہارے  ہوں اور ورلڈ کپ جیتا ہو۔ 
۵؍آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم۱۹۸۷ء اور ۲۰۰۷ء کے ورلڈ کپ سے پہلے لگاتار ۵؍ میچ ہاری تھی جبکہ آسٹریلیا کی خواتین ٹیم۲۰۱۰ء کےٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے پہلے لگاتار ۵؍ میچ ہار چکی تھی۔
۵؍نیوزی لینڈ نے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵؍ وکٹ  پر۱۵۸؍ رن بنائے۔ یہ ویمنز ٹی  ۲۰؍ ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔۲۰۲۰ءکے فائنل میں آسٹریلیا نے ہندوستان کیخلاف ۴؍ وکٹ پر۱۸۴؍ رن بنائے۔
۱۵؍ امیلیا کیر نے اس ورلڈ کپ میں کل ۱۵؍ وکٹ لئے۔ یہ ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں کسی گیندباز کی جانب سے لئے گئے سب سے زیادہ وکٹ ہیں۔
۱؍کیر ایک ٹی ۲۰؍ انٹر نیشنل  ناک آؤٹ میچ میں۴۰؍ سے زیادہ رن بنانے اور ۳؍ یا اس سے زیادہ وکٹ لینے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ خواتین کےٹی ۲۰؍  ورلڈ کپ کے ایک میچ میں ۴۰؍ سے زیادہ رن بنانے اور ۳؍ سے زیادہ وکٹ لینے والی  چھٹی کھلاڑی ہیں۔
۳۵؍فائنل کھیلنے کے وقت سوفی ڈیوائن کی عمر ۳۵؍ سال، ۴۹؍ دن تھی۔ وہ خواتین کے ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے معمر کپتان ہیں۔ ان سے پہلے آسٹریلیا کی برینڈا کلارک خواتین کے ورلڈ کپ میں سب سے معمر کپتان تھیں۔ جب آسٹریلیا نے۲۰۰۵ء میں خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تو کلارک کی عمر۳۴؍ سال۲۱۲؍ دن تھی۔
۳۰؍سوفی ڈیوائن سے پہلے ویمنز ٹی  ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے والی سب سے معمر کپتان آسٹریلیا کی میگ لیننگ تھیں جنہوں نے۲۰۲۳ء میں ۳۰؍ سال۳۳۸؍دن کی عمر میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔
۳؍ڈیوائن، سوزی بیٹس اور لیاتاہوہو خواتین کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں فتح کا حصہ بننے والی سرفہرست ۳؍ معمر ترین کھلاڑی ہیں۔
۳۸؍ اس ورلڈ کپ کے ۶؍ میچوں میں نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے مجموعی طور پر ۴۸؍ وکٹ حاصل کئے۔ یہ ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے کسی ایک ایڈیشن میں کسی ٹیم کی جانب سے لئے گئے  سب سے زیادہ وکٹ ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ۲۰۱۸ء  کے ایڈیشن میں مجموعی طور پر۴۶؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔
 ۳۳۴؍ سوفی بیٹس نے بین الاقوامی کرکٹ میں کل۳۳۴؍ میچ کھیلے ہیں جن میں۱۶۳؍ ون ڈے اور۱۷۱؍ ٹی  ۲۰؍  شامل ہیں۔ اب وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی خاتون کھلاڑی ہیں۔ بیٹس سے پہلے ہندوستان کی میتھالی  راج نے کل۳۳۳؍ بین الاقوامی میچ کھیلے تھے۔ میتھالی راج نے ہندوستان کی جانب سے بہت اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK