ہندوستانی مکے باز نے کہا کہ اولمپک میں تمغہ جیتنے کی ان کی کوشش جاری رہیگی۔
EPAPER
Updated: September 20, 2024, 12:46 PM IST | Agency | Hyderabad
ہندوستانی مکے باز نے کہا کہ اولمپک میں تمغہ جیتنے کی ان کی کوشش جاری رہیگی۔
ورلڈ باکسنگ چمپئن ہندوستانی مکے باز نکہت زرین نے گزشتہ روز تلنگانہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی۔خصوصی پولیس) کے طور پر شمولیت اختیار کر لی۔ نکہت زرین نے گزشتہ روز اپنی شمولیت کی رپورٹ تلنگانہ پولیس کے ڈی جی پی کو پیش کی، جس سے ان کے نئے کردار کا آغاز ہوا۔
تلنگانہ کے ڈی جی پی، آئی پی ایس جتیندر نے اپنے سرکاری ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا کہا کہ ’’ہم فخر کے ساتھ ۲؍ بار کی عالمی باکسنگ چمپئن اور اولمپک کھلاڑی @نکہت زرین کا استقبال کرتے ہیں۔ وہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (خصوصی پولیس) کے طور پر اپنا نیا کردار سنبھالیں گی۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والی نکہت نے آج مجھے اپنی جوائننگ رپورٹ پیش کی۔ ہم ریاست کیلئے ان کی مسلسل خدمات کے منتظر ہیں۔ ‘‘
حال ہی میں ختم ہونے والے پیرس اولمپکس میں نکہت زرین پری کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں۔ اپنی شکست کے تعلق سے نکہت زرین نے پوسٹ لکھا تھا اور اعتراف کیا کہ یہ اب تک کا سب سے مشکل نقصان تھا۔ ۲۸؍سالہ مکے بازنے کہا کہ ہندوستان کیلئے اولمپک تمغہ جیتنا ان کا خواب تھا اور وہ ایسا نہ کر سکیں۔ تمغہ حاصل کرنے کی وہ پوری کوشش کریں گی۔
پیرس اولمپکس میں مایوس کن شکست کے بعد نکہت زرین نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ لکھا اور اعتراف کیا کہ پیرس میں اپنے خواب کو پورا کرنے میں ان کی ناکامی تباہ کن تھی۔ میں اپنے خواب کو پورا کرنے کا موقع ملنے پر بہت خوش تھی لیکن تقدیر کے پاس اور بھی منصوبے تھے۔ پیرس میں تمغہ حاصل نہ کرنا تباہ کن تھا۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ ملک کےلئے اولمپک میڈل جیتنے کی اپنی کوشش جاری رکھوں گی۔ یہ خواب اب بھی زندہ ہے اور میں نئے جذبے کے ساتھ اس کا پیچھا کرتی رہوں گی۔