نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر کی ۸؍ ویں وکٹ کیلئے ۱۲۷؍ رن کی انتہائی اہم شراکت داری، چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہندوستان کے ۹؍ وکٹ پر۳۵۸؍ رن۔
EPAPER
Updated: December 29, 2024, 10:40 AM IST | Melbourne
نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر کی ۸؍ ویں وکٹ کیلئے ۱۲۷؍ رن کی انتہائی اہم شراکت داری، چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن ہندوستان کے ۹؍ وکٹ پر۳۵۸؍ رن۔
نتیش کمار ریڈی کی ناقابل تسخیر سنچری(۱۰۵) اور واشنگٹن سندر(۵۰) کے ساتھ مشکل وقت میں ۱۲۷؍ رن کی اہم شراکت داری کی مدد سے ہندوستان نے چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے دن سنیچر کو اپنی پہلی اننگ میں ۹؍ وکٹ پر۳۵۸؍رن بنالئے تھے۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکے جانے کے وقت نتیش کمار کا ساتھ دینے کیلئے آخری وکٹ کے طورپر محمد سراج ۲؍ رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان اب بھی آسٹریلیا کی پہلی اننگ۴۷۴؍رن سے۱۰۹؍رن پیچھے ہے۔
سنیچر کے کھیل کے پہلے سیشن میں رشبھ پنت(۲۸) اور رویندر جڈیجہ(۱۷)کا وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان پرفالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا تھا لیکن ایک سرے پر نظریں جما چکے ریڈی جنہوں نئے بلے باز سندر کے ساتھ مل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن کے خطرے سے باہر نکالا بلکہ کھیل کے دوسرے سیشن کو بغیر نقصان کے گزار کر مضبوط ارادوں کے ساتھ ٹیم کو جدوجہد کے ٹریک پر لاکر کھڑا کردیا۔
دونوں بلے بازوں نے چائے کے وقت تک ہندوستان کے اسکور بورڈ پر۷؍ وکٹوں پر۳۲۶؍ رن بنالئے تھے۔ اس کے بعد پہلے ہلکی بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ میچ دوبارہ شروع ہونے کے بعد سندر نے اپنی نصف سنچری ۱۶۲؍ گیندوں میں مکمل کی جس میں ان کا واحد چوکا شامل تھا۔ تاہم اس کے فوراً بعد سندر ناتھن لیون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے اور آسٹریلیا کا اس جوڑی کو توڑنے کا میراتھن انتظار ختم ہو گیا۔ نئے بلے باز بمراہ(صفر) کو آؤٹ کرنے میں پیٹ کمنز کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی۔ اس دوران نتیش نے بھی اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری ۱۷۱؍گیندوں میں ۱۰؍ چوکوں اور ایک سکسر کی مدد سے مکمل کرلی۔
اس سے پہلے، ہندوستان نے اپنےگزشتہ کے اسکور پانچ وکٹ پر۱۶۴؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو پہلا جھٹکا کھیل کے تیسرے اوور میں لگا جب رشبھ پنت(۲۸) اسکاٹ بولینڈ کی گیند پر لیون کے ہاتھوں لپکے گئے۔ حالانکہ امپائر نے رشبھ کو شبہ کا فائدہ دیا لیکن آسٹریلیا کی طرف سے لیا گیا ریویو امپائر کو قبول کرنا پڑا۔ دوسرے سرے پر رویندر جڈیجہ نے چند اوور تک جدوجہد کی لیکن وہ بھی نیتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیئے گئے۔ اس بار ہندوستان نے آن فیلڈ امپائر کے فیصلے کو چیلنج کیا لیکن اسے ریویو کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔
بعد میں واشنگٹن سندر کریز پر نتیش کمار ریڈی کا ساتھ دینے آئے اور دونوں بلے بازوں نے کھانے اور چائے تک کا وقت بغیر کسی نقصان کے نکال دیا۔ اس دوران نتیش نے۸۱؍گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس دوران آسٹریلیا نے خطرناک ہوتی ہوئی اس جوڑی کو توڑنے کیلئے گیندبازوں کو تبدیل کرکے بہت کوششیں کیں اور۸۰؍اوورز کے بعد نئی گیند سے بھی دونوں کو ڈرانے کی بھی کوشش کی لیکن ان کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں ۔
نتیش کمار کی بلے بازی کی ستائش
ہندوستانی کرکٹ کو سنیچر کے روز ایک نیا ستارہ مل گیا جب حیدرآباد کے۲۱؍ سالہ بلے باز نتیش ریڈی نے سنیچر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں شاندار سنچری کے ساتھ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا۔ نتیش کی اننگ کئی معنوں میں برسوں تک یاد رکھی جائے گی۔ وہ ایک ایسے وقت میں کریز پر آئے جب ہندوستانی ٹیم فالو آن کے بحران میں گھری ہوئی تھی اورآسٹریلیاکی خطرناک گیندبازی کے سامنے اس کے ٹاپ بلے باز ہتھیار ڈال کر پویلین لوٹ چکے تھے۔ نتیش نے ان نازک لمحات کا ہمت کے ساتھ سامنا کیا اور ناٹ آؤٹ۱۰۵؍ رن کی اننگ سے ہندوستانی کرکٹ کی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
۷؍ وکٹ پر۲۲۱؍رن پر کریز پر آتے ہوئے ریڈی کی اننگ تحمل اور خوبصورتی میں ایک ماسٹر کلاس تھی۔ اس نوجوان کھلاڑی نے ۱۱۵؍ ویں اوور میں اسکاٹ بولینڈ کو مڈ آن پر چوکا لگا کر شاندار انداز میں اپنی سنچری مکمل کی۔ گیند باؤنڈری لائن کے پار ہوتے ہی تماشائی گیلری میں موجود نتیش کے والد نے جذباتی انداز میں ہاتھ جوڑ کر خدا کا شکر ادا کیا۔ سنچری مکمل ہوتے ہی ریڈی نے پچ پر گھٹنے ٹیکے، بلے کو زمین پر رکھا اور ہیلمٹ اوپر اٹھاکر اپنی اس حصولیابی کا عاجزی کے ساتھ جشن منایا۔
اس کے ساتھ۲۱؍ سال کی عمر میں نتیش کمار ریڈی آسٹریلیا کی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے والے تیسرے سب سے کم عمر ہندوستانی بن گئے۔