چنئی سپرکنگز نے ممبئی انڈینس کو ۴؍وکٹ سے شکست دی۔ نور نے ۴؍ اور خلیل نے ۳؍وکٹ لئے۔ کپتان رتوراج نے نصف سنچری بنائی
EPAPER
Updated: March 24, 2025, 9:59 PM IST | Chennai
چنئی سپرکنگز نے ممبئی انڈینس کو ۴؍وکٹ سے شکست دی۔ نور نے ۴؍ اور خلیل نے ۳؍وکٹ لئے۔ کپتان رتوراج نے نصف سنچری بنائی
نور احمد (۴؍ وکٹ) اور خلیل احمد (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد کپتان رتو راج گائیکواڑ (۵۳؍رن) اور راچن رویندر (ناٹ آؤٹ۵۹؍رن) کی بہترین نصف سنچری والی اننگز کی بدولت چنئی سپر کنگز نے اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے تیسرے میچ میں ۵؍ گیندیں باقی رہتے ممبئی انڈینس کو ۴؍ وکٹ سے ہرا دیا۔
۱۵۶؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، چنئی سپرکنگز کی شروعات کافی خراب رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں راہل ترپاٹھی (۲؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد رتوراج گائیکواڑ اور راچن رویندر نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۶۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔ وگنیش پوتر نے ۸؍ویں اوور میں رتوراج گائیکواڑ کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ گائیکواڑ نے ۲۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے ۵۳؍رن بنائے۔ شیوم دوبے ۹؍رن اور دیپک ہڈا ۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سیم کرن (۴؍رن) کو وِل جیکس نے بولڈ کیا۔ راچن رویندر نے۴۵؍گیندوں پر۲؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۶۵؍رن بنائے۔ رویندر جڈیجا (۱۷؍رن) چھٹے وکٹ کیلئے رن آؤٹ ہوئے۔ راچن رویندر نے ۲۰؍ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ چنئی سپر کنگز نے ۱۹ء۱؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر۱۵۸؍ رن بنا کر ۴؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے وگنیش پوتر نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ دیپک چاہر اور ول نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل چنئی سپر کنگز کے کپتان رتوراج گائیکواڑ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ممبئی انڈینس کی اچھی شروعات نہیں تھی کیونکہ اس نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما (صفر) کو گنوا دیا۔ اس کے بعد ریان رکلیٹن ۱۳؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں بلے بازوں کو خلیل احمد نے آؤٹ کیا۔ پانچویں اوور میں آر اشون نے ول جیکس کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو اور تلک ورما نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے ۴۹؍ رن کی شراکت ہوئی۔ نور احمد نے۱۱؍ویں اوور میں سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ سوریہ کمار یادو نے ۲۶؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۹؍رن بنائے۔ رابن منج ۳؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ۱۳؍ویں اوور کی آخری گیند پر نور نے تلک ورما کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ تلک ورما نے ۲۵؍ گیندوں پر۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۱؍ رن بنائے۔ نمن دھیر ۱۷، مشیل سینٹنر۱۱؍رن اور ٹرینٹ بولٹ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیپک چاہر نے۱۵؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۲۸؍ رن بنائے۔ ممبئی انڈینس نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۱۵؍ رن بنائے۔ چنئی سپر کنگز کی جانب سے نور احمد نے ۴؍ اور خلیل احمد نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔