• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوواک جوکووچ نے ندال کو آخری بار شکست دی

Updated: October 21, 2024, 11:58 AM IST | Riyadh

ندال کو سکس کنگز سلیم میں سربیا کے اسٹار کے خلاف آخری پروفیشنل مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Rafael Nadal and Novak Djokovic. Photo: INN.
رافیل ندال اور نوواک جوکووچ۔ تصویر: آئی این این۔

اسپین کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل ندال کو ریٹائرمنٹ سے قبل سعودی عرب میں دی سکس کنگز سلیم میں سربیا کے اسٹار نوواک جوکووچ کے خلاف آخری پروفیشنل مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
 سعودی عرب میں دی سکس کنگز سلیم مقابلے میں تیسرے نمبر کے لئے کھیلے جانے والے میچ میں جوکووچ نے رافیل ندال کو۲۔ ۶، ۶۔ ۷؍ سے شکست دی۔ رافیل ندال نے جوکووچ کے خلاف پروفیشنل کھلاڑی کی حیثیت میں آخری میچ کے بعد کہا کہ وہ آج جس طرح کے کھلاڑی ہیں وہ نہیں رہیں گے۔ 
ٹینس کورٹ میں انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ان تمام لمحات کے لئے میں مشکور ہوں جو ہم نے کریئر کے دو ران کورٹ میں مقابلوں میں گزارے اور ہم نے ایک شاندار حریف کے طور پر ٹینس کھیلا۔ سربیا کے اسٹار جوکووچ کو مخاطب کر کے انہوں نے کہا کہ آپ نے مجھے اپنی حدود سے باہر نکل کر کھیلنے میں مدد کی، جس پر میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ اس کے بغیر میں ایسا کھلاڑی کبھی نہیں بن سکتا تھا جو آج ہوں۔ 
فرنچ اوپن میں ریکارڈ۱۴؍ مرتبہ کامیابی کے ساتھ مجموعی طور پر۲۲؍ گرینڈ سلیم جیتنے والے ندال کا کہنا تھا کہ مجھے یہ تمام چیزیں یاد آئیں گی کیونکہ تقریباً۲۰؍ سال تک کھیلنا ایک خواب تھا جو حقیقت ہوا اور دنیا میں بہترین مقامات پر کھیلنے کا موقع ملا۔ رافیل ندال نے کہا کہ میرا پروفیشنل ٹینس کھلاڑی اور کامیاب ہونے کا خواب پورا ہوا اور میں تعاون کرنے اور ہر طرف سے ملنے والے پیار پر شائقین کا شکریہ ادا نہیں کرسکتا۔ 
رافیل ندال اور نوواک جوکووچ کے درمیان ۶۰؍ میچ ہوئے، جن میں سے۲۹؍ میں ندال اور ۳۱؍ میں جوکووچ کامیاب رہے۔ جوکووچ نے جذباتی انداز میں رافیل ندال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے ٹینس کیلئے جو کچھ کیا ہے وہ لاجواب ہے اور آپ نے کھیل میں ایک شاندار روایت چھوڑی ہے۔ ریکارڈ۲۴؍ گرینڈ سلیم جیتنے والے ٹینس اسٹار جوکووچ نے کہا کہ آپ کے ساتھ کورٹ میں مقابلہ کرنا انتہائی فخر اور خوشی کا مقام تھا اور آج یہ لمحات بہت جذباتی ہیں کیونکہ ہم نے برسوں سے ایک دوسرے کے خلاف کئی میچ کھیلے ہیں۔ خیال رہے کہ ندال پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ سیزن کا آخری مقابلہ ڈیوس کپ فائنل میں حصہ لیں گے اور اس کے ساتھ ان کے ٹینس کریئر کا اختتام ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK