• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جوکووچ چاروں گرینڈ سلیم میں۹۰؍ یا اس سے زائد میچ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

Updated: August 30, 2024, 1:39 PM IST | Agency | New York

یو ایس اوپن میںسربیائی کھلاڑی کے خلاف دوسرے راؤنڈ کے مقابلے میں لاسلو جیرے کمر میں تکلیف کے سبب مقابلے سے ہٹ گئے۔

Novak Djokovic has won 90 or more matches in all four Grand Slams. Photo: INN
نوواک جوکووچ چاروں گرینڈ سلیم میں ۹۰؍ یا اس سے زائد میچ جیت چکے ہیں۔ تصویر : آئی این این

دفاعی چمپئن نوواک جوکووچ یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جب سربیا کے لاسلو جیرے تیسرے سیٹ میں چوٹ کے باعث ریٹائرڈ ہوگئے۔ جوکووچ پورے میچ میں اپنی سروس پر جدوجہد کرتے نظر آئے۔ انہوں نے بعد میں یہ بھی کہا کہ اگر لاسلو زخمی نہ ہوتے تو شاید وہ ہار سکتے تھے۔ واضح رہے کہ جوکووچ ۴۔۶،۴۔۶،صفر۔۲؍ سے آگے تھے جب لاسلو انجری کی وجہ سے مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ یو ایس اوپن میں جوکووچ کی یہ ۹۰؍ویں جیت تھی۔اس جیت کے ساتھ ہی وہ چاروں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں ۹۰؍یا اس سے زیادہ میچ جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اب ان کا مقابلہ جمعہ کو ۲۸؍ویں سیڈ الیکسی پوپائرین سے ہوگا۔ میچ کے بعد جوکووچ نے کہا ’’یہاں سے میچ مزید مشکل ہو جائیں گے۔ میں یہ جانتا ہوں لیکن کوئی فکر کی بات نہیں۔ میں اپنا راستہ تلاش کروں گا۔‘‘
جیرے دوسرے سیٹ میں ۲۔۴؍ سے آگے تھے جب انہیں کمر میں درد ہونے لگا۔ یہاں تک کہ ان کے ٹرینر کو بھی سیٹ کے دوران مداخلت کرنی پڑی۔ پہلے سیٹ سے ہی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ۶۰؍منٹ تک جاری رہنے والے پہلے سیٹ کے بعد دوسرے سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ۶۹؍منٹ کا مقابلہ رہا۔ تاہم تیسرے سیٹ میں جیرے کو درد کی وجہ سے دستبردار ہونا پڑا۔اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے جوکووچ کو شروع سے ہی جسمانی طور پر جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK